پشاور میں اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد اجمل خان کومنگل کی صبح نامعلوم مسلح افراد نے اغواء کر لیا ہے ۔ پروفیسر اجمل اپنے گھر سے دفتر جار ہے تھے جب اُنھیں اغواء کیا گیا۔
پروفیسر محمد اجمل صوبہ خیبر پختون خواہ میں برسراقتدار جماعت عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندر یار ولی کے قریبی عزیز ہیں ۔ اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے اغواء کے بعد پشاور کو دوسرے شہروں اور ملحقہ قبائلی علاقوں سے ملانے والی شاہراہوں کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔
گذشتہ سال کوہاٹ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر لطف اللہ کو بھی کوہاٹ سے پشاور جاتے ہوئے اغواء کیا گیا تھا اور تقریباً سات ماہ کے بعد اُن کی رہائی عمل آئی تھی ۔