پولینڈ کے ایک جنوبی شہر میں ریل کے حادثے میں حکام نے 15 افراد کی ہلاکت اور 54 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
حادثہ ہفتہ کی شب پیش آیا اور امدادی کارکن رات دیر گئے تک مسافروں کو ریل گاڑی کے تباہ شدہ حصوں سے نکالنے کے کام میں مصروف رہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زیر علاج زخمیوں میں نصف کی حالت تشویشناک ہے۔
جائے وقوعہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پولینڈ کے وزیر داخلہ جیک سی چوسکی نے جانی نقصانات اور امدادی کارروائیوں کے مکمل ہونے کی تصدیق کی۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ مخالف سمت سے آنے والی دو ریل گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ہوا جن پر مجموعی طور پر 350 مسافر سوار تھے۔
ایک ریل گاڑی دارالحکومت وارسا سے جنوبی شہر کراکوف جبکہ دوسرے جنوبی مشرقی شہر پریزمسل سے دارالحکومت کی طرف جا رہی تھی۔
پولش حکام نے اتوار کی صبح اس جان لیوا حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ٹیلی ویژن پر تباہ شدہ ڈبوں کی باقیات کے مناظر دیکھائے گئے جبکہ عینی شاہدین کے مطابق تین ڈبے اور دونوں ٹرینوں کے انجن پیڑی سے اچھل کر دور جا گرے تھے۔
1990ء میں وارسا کے مضافات میں پیش آنے والے ریل کے حادثے میں 16 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ پولینڈ میں ٹرین کا بدرین حادثہ 1980ء میں پیش آیا تھا جب ایک مسافر ریل گاڑی کی مال بردار گاڑی سے ٹکر کے نتیجے میں 67 لوگ ہلاک اور 62 زخمی ہو گئے تھے۔