ارجنٹینا کے حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت بیونس آئرس میں ایک مسافر ٹرین کو پیش آنے والے حادثے میں کم از کم 49 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق مسافروں سے کھچا کھچ بھری ٹرین شہر کے مصروف ترین ریلوے اسٹیشن 'ونس' سے رکے بغیر آگے نکل گئی اور پٹری کے اختتام پر کھڑی کی گئی رکاوٹوں سے جا ٹکرائی۔
ریل میں سوار مسافروں نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ بظاہر ریل کے بریک فیل ہوگئے تھے۔ امدادی اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر بوگیوں میں پھنسے مسافروں کو باہر نکالا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں کم از کم 550 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔
جائے حادثہ پر موجود حکام نے صحافیوں کو بتایا کہ ٹرین جب پٹری کے اختتام پر کھڑی کی گئی رکاوٹوں سے ٹکرائی تو اس کی رفتار 20 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین کی رفتار اس قدر تیز تھی کہ رکاوٹوں سے ٹکرانے کے بعد ٹرین کی ایک بوگی آگے والی بوگی میں چھ میٹر تک جا گھسی۔
حادثہ صبح اس وقت پیش آیا جب مشرقی نواحی علاقوں سے شہر میں واقع دفاتر جانے والے مسافروں کی بڑی تعداد ٹرین میں سوار تھی۔
حکام نے اسے گزشتہ 30 برسوں میں ملک کا بدترین ریل حادثہ قرار دیا ہے۔