پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے اسٹیبلشمنٹ نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا۔ ملک میں پولیٹیکل انجینئرنگ کی جا رہی ہے تاکہ تحریکِ انصاف کو کمزور کیا جا سکے۔
کراچی میں پی ٹی آئی کے خواتین کنونشن سے ورچوئل خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کے اس وقت جو حالات ہیں اس کا ذمہ دار ایک شخص ہے جس کے ہاتھ میں تمام طاقت تھی اور وہ شخص فوج کے سابق سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ ہیں۔
عمران خان نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی موجودہ اتحادی حکومت میں ملک تباہی کے دہانے پر آ چکا ہے۔ موجودہ حالات سے ملک کو کوئی ٹیکنو کریٹ کی حکومت نہیں نکال سکتی ہے۔
ان کے بقول ’’مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے۔ آج ہم پولیٹیکل انجینئرنگ ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو متحد کیا جا رہا ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے ارکان کو بلوچستان میں پیپلز پارٹی میں دھکیلا جا رہا ہے۔ جنوبی پنجاب میں پیپلز پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے کالز ہو رہی ہیں۔‘‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو پہلے ہی ملک کا بیڑہ غرق کر چکی ہے۔
ان کے مطابق خیبر پختونخوا میں بھی گیم چل رہی ہے۔ ان سب سے تحریکِ انصاف کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس وقت ان کی پولیٹیکل انجینئرنگ کا مقصد ہی سمجھ نہیں آ رہا۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو اس دلدل سے نکالنے کے لیے ایک مضبوط حکومت کی ضرورت ہے جو کہ صاف شفاف انتخابات کی صورت میں قائم ہو سکتی ہے۔ پولیٹیکل انجینئرنگ سے قائم کیا گیا کمزور سیٹ اپ ملک کو نہیں سنبھال سکتا۔
فیض حمید کی صاحب زادی کی شادی، اہم شخصیات شریک
پاکستان کے طاقت ور ترین خفیہ ادارے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)کے سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کی صاحب زادی کی شادی تقریب گزشتہ دنوں راولپنڈی میں ہوئی جس میں سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب میں پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے وزیراعظم تنویر الیاس، سابق ڈی جی آئی پی آر عاصم سلیم باجوہ، پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری، سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، اسد عمر، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا بھی شریک ہوئے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کردہ شادی کی تصاویر میں فیض حمید کو اپنی بیٹی کے ہمراہ دیکھا جا سکتا ہے۔
’سابق آرمی چیف سمیت متعدد جنرل پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کی سازش میں ملوث تھے‘
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت فوج کے متعدد جنرل پی ٹی آئی کی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی سازش میں ملوث تھے۔
برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وہ کسی کے خلاف نہیں ہوئے، وہ اداروں کا احترام کرتے ہیں۔
ان کے مطابق وہ اداروں کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں البتہ انہوں نے دیکھا کہ پاکستان میں غیر منتخب شدہ اداروں فوج اور عدلیہ نے اپنی طاقت کا غیر آئینی استعمال کیا۔
فواد چوہدری کا گفتگو میں مزید کہنا تھا کہ آپ کہہ سکتے ہیں کہ گزشتہ آرمی چیف ان کی حکومت کو گھر بھیجنے میں متحرک تھے اور ان کے بقول بد قسمتی سے یہی سچ ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سابق آرمی چیف سچ نہیں بول رہے تھے۔ جب انہوں نے یہ کہا کہ ہم نے ان سے مدد مانگی، ان کے بقول انہوں نے سابق آرمی چیف سے نیوٹرل ہونے کی درخواست کی تھی، جو وہ نہیں تھے۔
عوامی پذیرائی جس کے ساتھ ہو گی، اسی کو عہدہ ملے گا: محمد زبیر
مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر کا مریم نواز کو پارٹی کا سینئر نائب صدر بنائے جانے پر کہنا ہے کہ عوامی پذیرائی جس کے ساتھ ہو گی، اسی کو عہدہ ملے گا۔
نجی نشریاتی ادارے 'جیو نیوز' کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کو تنظیم نو کی ضرورت ہے۔
حال ہی میں مریم نواز کو جماعت کا سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مقرر کیا گیا تھا جب کہ رپورٹس کے مطابق اس فیصلے سے پارٹی کے کچھ رہنماؤں میں بے چینی بھی پائی جاتی ہے۔
مریم نواز کے والد سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ کی طرف سے نا اہل قرار دیے جانے کے بعد سے وہ پارٹی کا کوئی عہدہ نہیں رکھ سکتے تاہم وہ بدستور پارٹی کے سرپرست اعلیٰ ہیں۔
آٹے کے بحران کے ذمے دار وفاق، پنجاب اور سندھ ہیں: وزیر خوراک بلوچستان
ملک کے دیگر علاقوں کی طرح بلوچستان میں بھی آٹے کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔
بلوچستان کے وزیر خوراک زمرک خان نے آٹے کے بحران کا ذمہ دار وفاق، سندھ اور پنجاب کو ٹہرایا ہے۔
وزیرِ خوراک نے وزیراعظم کو بھیجے گئے مراسلے میں فوری طور پر آٹے کے 6 لاکھ تھیلے بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے تا کہ بلوچستان کی ایک کروڑ سے زائد آبادی کو فراہم کیے جا سکیں۔
گندم اور آٹے کے بحران پر پنجاب میں آٹا ملوں کے گندم کا یومیہ سرکاری کوٹہ ڈبل
وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی نے صوبے میں جاری گندم اور آٹے کے بحران سے نمٹنے کے لیے آٹا چکیوں کے لیے گندم کا یومیہ سرکاری کوٹا بڑھا کر دگنا کر دیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ کی طرف سے سرکاری آٹے کی فروخت کے مقامات کو بھی بڑھا نے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کی مطابق پرویزِ الہیٰ کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں روزانہ 10 کلو آٹے کے 18 لاکھ 40 ہزار تھیلے سرکاری ریٹ پر دستیاب ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری کوٹا بڑھنے سے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی۔