پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت سے زیادہ پیچھے بیٹھے لوگوں کا الیکشن کے لیے راضی ہونا ضروری ہے۔ ابھی مجھے الیکشن نظر نہیں آ رہا اور ٹیکنو کریٹس حکومت لانے کا شوشہ چھوڑا جا رہا ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ان خیالات کا اظہار عمران خان نے لاہور پریس کلب کے نو منتخب اراکین سے بدھ کو لاہور میں ملاقات کے دوران کیا۔
سابق وزیرِ اعظم کا مزید کہنا تھا کہ اگر آئندہ عام انتخابات میں پولیٹیکل انجینئرنگ کی گئی تو نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مشرقی پاکستان میں سب سے بڑی جماعت کا مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا گیا تھا۔ سا بق وزیرِ اعظم نے یہ بھی بتایا کہ ابھی اُن کا موجودہ اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔
پی ٹی آئی کوئی بھی غیر آئینی سیٹ اپ قبول نہیں کرے گی: فواد چوہدری
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن سے بچنے کے لیے ملک میں ٹیکنو کریٹس سیٹ اپ کی باتیں ہو رہی ہیں جس کی پی ٹی آئی بھرپور مزاحمت کرے گی۔
بدھ کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی آئین سے باہر کسی بھی سیٹ اپ کو قبول نہیں کرے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں ڈھائی سال کے لیے ٹیکنو کریٹس حکومت کی باتیں ملک کے ساتھ مذاق ہے۔ یہ تجربے اب بند ہونے چاہئیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کو اس حکومت کو ہم پر مسلط کرنے پر اپنی غلطی تسلیم کرنی چاہیے اور اب ان کی حمایت چھوڑ دینی چاہیے تاکہ ملک الیکشن کی طرف بڑھ سکے۔
اُن کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت چاہتی ہے کہ ملک میں غیر آئینی سیٹ اپ جائے تاکہ انہیں الیکشن میں نہ جانا پڑے۔
فواد چوہدری بولے کہ اُن کی افغان پالیسی اور طالبان کے ساتھ مذاکرات کا فیصلہ ایک منظم اور بہترین منصوبہ بندی تھی۔ اُن کے بقول آپ کسی کے اُوپر بم اور میزائل مار کر یہ توقع نہیں کر سکتے کہ وہ آگے سے ردِعمل نہیں دے گا۔
فیصل ووڈا سینیٹ رکنیت سے مستعفی
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فیصل واوڈا سینیٹ رُکنیت سے مستعفی ہو گئے ہیں۔
وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا کے مطابق فیصل واوڈا نے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ کو دے دیا ہے۔
فیصل واوڈا 2018 میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہو گئے تھے۔ اُنہوں نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں استعفی دیا ہے۔
دہری شہریت چھپانے کے الزام میں الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کو نااہل قرار دے دیا تھا۔
معاشی معاملات کنٹرول میں ہیں؛ اسحاق ڈار کے دلاسے
وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے تاجروں کو یقین دلایا ہے کہ ملک کے معاشی معاملات مشکل ضرور ہیں لیکن اس کے باوجود پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا کوئی امکان نہیں۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تقریب سے بدھ کو ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے سوال کیا کہ پاکستان کس طرح ڈیفالٹ ہو جائے گا؟ سرمایہ کار ملک میں سرمایہ لگائیں اور نام نہاد ماہرین کی باتوں پر دھیاں نہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی صورتِ حال کنٹرول میں ہے اور حکومت معیشت کو بہتر کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
اسحاق ڈار نے اپیل کی کہ سیاسی مقاصد کے لیے ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی باتیں نہ پھیلائی جائیں۔کچھ لوگ اپنی سیاست چمکانے کے لیے ملک کا نقصان کر رہے ہیں۔ تاہم ہم کسی کو انتقامی کارروائی کا نشانہ نہیں بنا رہے۔
وزیرِ خزانہ کے مطابق حکومت عالمی مالیاتی فنڈ( آئی ایم ایف) کا پروگرام دوسری مرتبہ مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
معاشی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک سے ڈالر ہمسایہ ملک اسمگل ہو رہے ہیں، گندم درآمد کی جا رہی ہے جب کہ کھاد پر سبسڈی کے باوجود اس کے دام زیادہ ہیں اور اسے پاکستان سے اسمگل کیا جا رہا ہے۔
ان کے بقول، حکومت ڈالر، کھاد اور گندم کی اسمگلنگ روکنے کی کوششیں کر رہی ہے۔