|
رائے عامہ کے ایک نئے جائزے کے مطابق امریکہ آنے والے تارکین وطن کی افادیت یا اس کے نقصانات کے بارے میں ریپبلیکنز اور ڈیمو کریٹس کی سوچ میں اختلاف نظر آتا ہے۔
ایک حالیہ سروے کے مطابق اب سے کچھ برس پہلے کے مقابلے میں اب امریکی، قانونی تارکین وطن کے امریکہ میں جرائم کے ارتکاب کے بارے میں زیادہ فکر مند ہیں۔ یہ تبدیلی زیادہ تر ریپبلیکنز میں بڑھتی ہوئی تشویش کے سبب آئی ہے جب کہ ڈیموکریٹس امیگریشن کے متعدد فوائد دیکھتے ہیں۔
Your browser doesn’t support HTML5
ایسو سی ایٹڈ پریس اور NORC سینٹر برائے پبلک افئیرز ریسرچ کے جائزے سے پتہ چلا کہ امریکہ میں بالغوں کی خاصی تعداد باور کرتی ہے کہ تارکین وطن ملک کی اقتصادی نشو و نما میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔ اور ساتھ ہی امریکی ثقافت میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
لیکن جب بات قانونی امیگریشن کی ہو تو امریکی بالغوں کو ماضی کے مقابلے میں چند ہی بڑے فائدے جب کہ بڑے خطرات زیادہ نظر آتے ہیں۔ دس میں سے کوئی چار امریکی کہتے ہیں کہ جب تارکین وطن قانونی طور پر امریکہ آتے ہیں تو امریکی کمپنیوں کے لئیے سائینس اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں ہنرمند کارکنوں کی مہارت کا حصول ایک بڑا فائدہ ہے اور اتنے ہی لوگ یعنی 38 فیصد کا کہنا ہے کہ قانونی تارکین وطن امریکی ثقافت اور اقدار کو تقویت دے کر ایک بڑا فائدہ پہنچاتے ہیں۔
یہ دونوں اعدادوشمار 2017 کے مقابلے میں نچلی سطح پر تھے جب 59 فیصد امریکیوں کا کہنا تھا کہ ہنر مند تارکین وطن جو قانونی طور پر ملک میں آتے ہیں۔ ان کا بڑا فائدہ ہے جب کہ نصف کا کہنا تھا کہ قانونی تارکین وطن امریکی ثقافت کو افزودگی دے کر ایک بڑا فائدہ پہنچاتے ہیں۔
Your browser doesn’t support HTML5
ادھر ان امریکیوں کی تعداد، جو کہتے ہیں کہ اس بات کا بڑا خطرہ ہے کہ قانونی تارکین وطن امریکہ میں جرائم کا ارتکاب کر سکتے ہیں اب بڑھ گئی ہے۔ اور سن 2000 میں 19 فیصد کے مقابلے میں اس نئے جائزے میں یہ تعداد 32 فیصد ہو گئی ہے۔
سروے میں شامل کوئی نصف امریکی اس بات کی حمایت کرتے ہیں کہ ان تارکین وطن کی تعداد کم کی جائے جنہیں امریکہ میں پناہ لینے کی اجازت اس وقت دی جاتی ہے جب وہ سرحد پر پہنچتے ہیں۔ لیکن اس بارے میں جماعتی بنیاد پر کہیں زیادہ بڑا اختلاف ہے اور ڈیموکریٹس سے زیادہ ریپبلیکنز اس حکمت عملی کی حمایت کرتے ہیں۔
Your browser doesn’t support HTML5
دریں اثناء کانگریس نے بالکل حال ہی میں دو ہزار مزید سرحدی گشتی ایجنٹ بھرتی کرنے کے لیے رقم کی منظوری دی ہے لیکن مزید امیگریشن جج بھرتی کرنے کے لیے فنڈنگ میں کوئی خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا ہے۔
دونوں جماعتوں میں بہت سے سمجھتے ہیں کہ تارکین وطن کے لیے پناہ کے کیسوں کے فیصلے میں ججوں کی کمی کے سبب بہت وقت لگتا ہے۔ جس کا مطلب یہ ہوا کہ تارکین وطن برسوں فیصلے کے انتظار میں ملک میں رہ سکتے ہیں۔ لیکن فریقین کے درمیان اس بات پر اتفاق رائے نہیں ہے کہ اس مسئلے سے کیسے نمٹا جائے۔
1282 بالغ امریکی جائزے میں شامل تھے۔ اور یہ 21 سے 25 مارچ 2024 کے درمیان لیا گیا۔
(اس رپورٹ کی تفصیلات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئیں ہیں)