نیو یارک: بجلی کا بریک ڈاؤن، متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے

بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث شہر کے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔

امریکہ کے شہر نیو یارک اور مین ہیٹن میں بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، جس سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔

نیویارک سٹی فائر بریگیڈ حکام کے مطابق ویسٹ ایونیو کے علاقے میں ٹرانسفارمر کو لگنے والی آگ سے علاقے میں ہزاروں صارفین بجلی سے محروم ہو گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش سے سب ویز،بڑے کاروباری مراکز، اور تھیٹرز بھی اندھیرے میں ڈوب گئے۔ جبکہ گھریلو صارفین اور کاروباری مراکز کی بجلی ترجیحی بنیادوں پر جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے۔

بریک ڈاؤن کے باعث سب وے اسٹیشن پر مسافر پریشان کھڑے ہیں۔

بجلی کا نظام معطل ہونے پر مین ہیٹن اور اس سے ملحقہ علاقوں کے رہائشی گھروں سے باہر نکل آئے، جس کے باعث مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا۔

بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث ٹائم اسکوائر کے بڑے تشہیری بورڈز بھی تاریکی میں ڈوب گئے جبکہ ٹریفک سگنلز بھی بند ہو گئے۔

اس سے قبل 1977ء میں نیویارک کو اس طرح کے بریک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب شہر کا بیشتر حصہ تاریکی میں ڈوب گیا تھا۔

نیویارک سٹی کے گورنر آندریو کومو کا کہنا ہے کہ بجلی کے بریک ڈاؤن کے دوران کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ تاہم یہ واقعہ ناقابل قبول ہے۔ ان کے بقول محکمہ شہری سہولیات اس معاملے کی مکمل چھان بین کرے گا۔

بجلی کی بندش کے باعث متعدد تھیٹرز اور سینما گھروں کے شوز منسوخ کردیے گئے۔ جبکہ متعدد فنکار تھیٹرز کے باہر مایوس شائقین کے لیے پرفارم کرتے دکھائی دیے۔

حکام کے مطابق بجلی کی بندش سے لگ بھگ 73000 گھر اور کاروباری مراکز متاثر ہوئے، تاہم اب بیشتر صارفین کی بجلی بحال کر دی گئی ہے۔