وزیرِ خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ شام میں جنگ بندی سے متعلق امریکہ اور روس کے درمیان عبوری معاہدہ طے پاگیا ہے۔
اتوار کو اردن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ دونوں بڑی طاقتوں کے درمیان اتفاقِ رائے کے بعد اب امریکی اور روسی سفارت کار اپنے اپنے شامی اتحادیوں کو معاہدے پر دستخط کرنے پر آمادہ کریں گے۔
جان کیری کا کہنا تھا کہ اگر تمام فریقین معاہدے پر متفق ہوگئے تو شام میں سرکاری فوج اور باغیوں کے درمیان لڑائی چند گھنٹوں میں رک جائے گی۔
دونوں ملکوں کے سفارتی ذرائع نے تاحال جنگ بندی کے مجوزہ معاہدے کی تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں۔ لیکن روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے ایک نسبتاً محتاط بیان جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے امریکی ہم منصب کے ساتھ "شام میں جاری کشیدگی روکنے کے طریقۂ کار" پر بات چیت کی ہے۔
اس سے قبل امریکی وزیرِ خارجہ نے اتوار کو اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ٹیلی فون پر شام میں گزشتہ پانچ برسوں سے جاری خانہ جنگی اور فریقین کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا تھا۔
گزشتہ روز شامی باغیوں کے مرکزی اتحادنے اعلان کیا تھا کہ اگر روس باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں پر بمباری روک دے تو وہ جنگ بندی کے لیے تیار ہیں۔