پاکستان سپر لیگ کے 19 ویں میچ میں شین واٹسن اور پیٹرسن کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو باآسانی67 رنز سے شکست دے دی۔
پی ایس ایل کی تاریخ میں یہ کسی بھی ٹیم کی سب سے بڑے مارجن سے کامیابی ہے۔
اس فتح کے ساتھ ہی کوئٹہ نے 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ ملتان سلطانز 9 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے کی اور 180 رنز کا بڑا اسکور بنایا جس کے جواب میں کراچی کنگز کی ٹیم 113رنز بنا سکی۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو اس وقت غلط ثابت ہوا جب کوئٹہ کے اوپنرز اسد شفیق اور شین واٹسن نے تیز رفتار 60 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ اسد شفیق 16 رنز بناکر شاہد آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
اسد شفیق کے بعد کیون پیٹرسن بیٹنگ کے لئے آئے اور شین واٹسن کے ساتھ مل کر دھواں دار بیٹنگ کی۔ دونوں بیٹسمینوں کے جارحانہ کھیل نے حریف بولرز کو بالکل بے بس کر دیا۔
عثمان شنواری نے 51 رنز پر شین واٹسن کا آسان کیچ بھی چھوڑا جس کا خمیازہ ٹیم کو بھگتنا پڑا۔ واٹسن نے 58 گیندوں پر ناقابل شکست 90 رنز بنائےجس میں 7 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔
پیٹرسن نے بھی شین واٹسن کا بھرپور ساتھ دیا اور 34 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 52 رنزکی شاندار اننگز کھیلی۔یوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ بیس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔
محمد عامر، عثمان شنواری، محمد عرفان اور شاہد آفریدی نے ایک۔ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز نے آج بیٹنگ آرڈرمیں تبدیلی کی اور شاہد آفریدی نے ڈینلے کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔ لیکن یہ حکمت عملی کارگرثابت نہ ہوئی۔صرف ایک رن پر پہلے ڈینلے اور پھر اسکور میں صرف ایک رن کے اضافے پر آفریدی بھی پویلین لوٹ گئے۔
کراچی کنگز کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ یہیں نہ رکا اور32رنز پر انگرام 5رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔ روی بوپارا نے کھاتہ کھولے بغیر پویلین کی راہ لی۔
بابر اعظم نے کوئٹہ کے بولرز کے سامنے کسی حد تک مزاحمت کی لیکن وہ بھی 32رنز بناکر ہمت ہار گئے ۔یوں 55 رنز پر کراچی کنگز کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔
کپتان عماد وسیم نے 35رنز بنائے۔ ’ویسے‘ پانچ اور محمد عرفان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان نے 26 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس طرح کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بناسکی۔
راحت علی اور انور علی نے دو۔دو جبکہ محمد نواز، حسن خان، لاؤلین اور شین واٹسن نے ایک ۔ایک وکٹ حاصل کی۔
پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 9 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 8۔8اور کراچی کنگز کے 7پوائنٹس ہیں جبکہ پشاور زلمی 6 پوائنٹس ہیں۔ لاہور مسلسل چھ شکست کے بعد تاحال کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکی ہے۔
جمعہ کو دو میچز کھیلے جائیں گے۔پہلے میچ میں ملتان سلطانز کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہوگا، جبکہ دوسرا میچ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہوگا۔