پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے 13 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو یک طرفہ مقابلے کے بعد9 وکٹوں سے ہرادیا۔ ملتان سلطانز کے عمران طاہر نے شاندار ہیٹ ٹرک کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 102 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، ملتان سطانز نے آسان ہدف صرف ایک وکٹ گنوا کر حاصل کر لیا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عمر امین اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا۔
کوئٹہ کو پہلا نقصان عمر امین کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 8 رنز بناکر سہیل تنویر کی گیند پر محمد عرفان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
ابھی اسکور میں صرف ایک رن کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ اگلے اوور کی پہلی گیند پر نئے آنے والے بیٹسمین رمیز راجہ کو جنید خان کلین بولڈ کردیا۔
شین واٹسن بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرسکے اور 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
اس مشکل صورتحال میں کوئٹہ کو لمبی شراکت کی ضرورت تھی لیکن کپتان سرفرازاحمد کے سوا کوئی بھی بیٹسمین زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکا اور ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی گئی، روسو 9، محمود اللہ 15 اور محمد نواز صرف 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
سرفراز احمد بھی 30 رنز کے بعد ہمت ہار گئے اور سہیل تنویر کی گیند پر صہیب مقصود کو کیچ دے بیٹھے۔
سرفراز کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ میں اس وقت ڈرامائی صورت حال آئی جب ملتان سلطانز کے اسپنر عمران طاہر نے مسلسل تین گیندوں پر تین وکٹیں لے کر نہ صرف ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ 16 اوور کی چوتھی گیند پر 102 رنز کے ساتھ کوئٹہ کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیاجو پی ایس ایل تھری میں اب تک کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔
عمران طاہر نے مسلسل تین گیندوں پر حسن خان، ہیسٹنگزاور راحت علی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پی ایس ایل میں یہ مجموعی طور پر تیسری جبکہ کسی بھی اسپن بولر کی پہلی ہیٹ ٹرک ہے۔ اس سے قبل 2016ء میں پی ایس ایل کے پہلے سیزن میں محمد عامر اور پی ایس ایل کے رواں سیزن میں جنید خان بھی ہیٹ ٹرک کرچکے ہیں۔
عمران طاہر اور سہیل تنویر نے 3،3،جنید خان نے 2 جبکہ محمد عرفان اور شعیب ملک نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
نسبتاً آسان ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے اوپنر سنگاکارا اور احمد شہزاد نے 66 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، احمد شہزاد 27رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
نئے آنے والے بیٹسمین صہیب مقصود نے سنگاکارا کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ میں 42رنز بناکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ سنگاکارا 51 اور صہیب مقصود 26 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
ایونٹ میں 13 میچوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے 7، 7 جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاورزلمی، اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے 4، 4 پوائنٹس ہیں۔ لاہور قلندر نے اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کیا۔