تحریکِ انصاف کا مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان

حکومت کا ہنی مون پیریڈ ختم ہوچکا ہے۔ ہم نے حکومت کو کئی مواقع دیے لیکن غریبوں کا جینا عذاب کیا جا رہا ہے: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان
پاکستان کے حالیہ انتخابات میں اہم جماعت بن کر ابھرنے والی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ملک میں مہنگائی میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

ہفتے کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کہا کہ 22 دسمبر کر مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا ہنی مون پیریڈ ختم ہوچکا ہے۔ "ہم نے حکومت کو کئی موقع دیے لیکن 'بلیک منی' کو 'وھائٹ' کر کے غریبوں کا جینا عذاب کیا جا رہا ہے"۔


صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے خلاف 22 دسمبر کو ہونے والا احتجاج تاریخی ہوگا۔ انہوں نے دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی اس ملک گیر احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ عام انتخابات میں پاکستان کی جمہوریت پرڈاکا ڈالا گیا۔ ان کے بقول اگر بلدیاتی انتخابات بھی ایسے ہی کرانے ہیں تو بہتر ہے کہ نہ ہی کرائے جائیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کرائے جائیں۔