ملکہ الزبیتھ لیسسٹر کے دورے پر

فائل

اس موقعے پر بالی وڈ کے مشہور گانے ’جھوم برابر جھوم‘ کی دھن پر سیکنڑوں افراد نے رقص کرکے ملکہ الزبیتھ کی تخت نشینی کے 60 سال مکمل ہونے کے جشن کی تقریبات کا آغاز کیا

برطانیہ کی ملکہ الزبیتھ نے شاہی تخت سنبھالنے کے 60برس مکمل ہونے کے جشن کے سلسلےمیں لیسسٹر سے اپنے دورہٴ برطانیہ کا آغاز کیا ہے۔

ملکہ الزبیتھ جب اپنے شوہر پرنس فلپ اور شہزادی کیتھرین مڈلٹن کے ہمراہ ریل گاڑی کے ذریعے لیسسٹر پہنچیں تو ہزاروں افراد نے اُن کا والہانہ استقبال کیا۔

لیسسٹر کے مقامی باشندوں کے علاوہ دولتِ مشترکہ کے ممالک سے تعلق رکھنے والی برطانوی کمیونٹی شاہی قافلے کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے سڑکوں پر امڈ آئی۔ اس موقعے پر بالی وڈ کے مشہور گانے ’جھوم برابر جھوم‘ کی دھن پر سیکنڑوں افراد نے رقص کرکے ملکہ الزبیتھ کی تخت نشینی کے 60سال مکمل ہونے کے جشن کی تقریبات کا آغاز کیا۔

ملکہ الزبیتھ نے لیسسٹر کے مرکزی چرچ میں دعائیہ تقریب میں شرکت کے علاوہ شہزای کیتھرین مڈلٹن کے اعزاز میں منعقدہ ایک ایسے فیشن شو میں خصوصی شرکت کی جِس میں شہزادی کوپانچ میں سے ڈزائنر جوتوں کا ایک ایسا جوڑا پسند کرنا تھا جو کہ وہ جشن کی تقریبات میں پہنیں گی۔

ساٹھ سال قبل شاہی تخت سنبھالنے والی ملکہ ملزبیتھ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے میں اُن کااپنا خاندان بھی پیچھے نہیں۔ ملکہ کے پوتے اور آنجہانی لیڈی ڈیانا کے صاحبزادے شہزادہ ہیری کے الفاظ میں دنیا بھر کے لاکھوں لوگوں کی طرح ملکہ الزبیتھ کی زندگی بھر دوسروں کے لیے خدمات ایک مشعلِ راہ کا درجہ رکھتی ہیں۔

سربراہِ حکومت اور راہنما کے ساتھ ساتھ وہ ایک خیال رکھنے والی دادی بھی ہیں جِن سے ہمیں محبت و عقیدت ہے۔

ملکہ الزبیتھ تخت نشینی کی ساٹھویں سالگرہ کے جشن کے سلسلے میں شروع کیے گئے برطانیہ بھر کے سفر میں برمنگھم اور ایڈمبرا بھی جائیں گی۔