کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پھر ہرا دیا

PSL 27 02 20

PSL 27 02 20

پاکستان سپر لیگ کے نویں میچ میں دفاعی چیمپین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔

کولن انگرم نے 40 گیندوں پر 63 رنز اسکور کیے جن میں 2 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ کپتان شاداب خان نے 39 اور کولن منرو نے 31 رنز بنائے۔ نسیم شاہ اور ٹائمل ملز نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹیں کھو کر 19.4 اوورز میں حاصل کر لیا۔ جیسن روئے 38 گیندوں پر 50 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ بین کٹنگ 17گیندوں پر 42 اور محمد نواز 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٴٹ رہے۔ کٹنگ نے چار بلند چھکے لگا کر کامیابی کو ممکن بنایا۔ انھیں مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں بھی کوئٹہ گلڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا دیا تھا۔ اس میچ کے بعد اب کوئٹہ کے 4 میچز میں 6 اور اسلام آباد کے 4 میچز میں 4 پوائنٹ ہیں۔

کل پہلا میچ ملتان میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان ہوگا، جبکہ راولپنڈی میں دوسرے میچ میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی مد مقابل ہوں گے۔