کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی لاہور قلندرز کے خلاف شاندار فتح

مشکل ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف 13 کے مجموعی اسکورپر سعد نسیم صرف 5رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، دوسری وکٹ بھی جلد گرگئی اور احمد شہزاد 15 رنز بناکر محمد عرفان جونیئر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

پاکستان سپر لیگ میں کیون پیٹرسن اور سرفراز احمد کی دھواں دار بیٹنگ کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندر کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، لاہور قلندر نے 201 رنز کا ہدف دیا تھا جو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 7 بالز پہلے ہی حاصل کرلیا۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے گیارہویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کافیصلہ کیا جو درست ثابت نہیں ہوا اور لاہور قلندرز کے اوپنرز جیسن روئے اور فخرزمان نےدھواں دار آغاز فراہم کیا اور سات ہی اوور میں 77 رنز بنا ڈالے،اس موقع پر جیسن روئے صرف 27 گیندوں پر 51 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں تین چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین عمر اکمل 17 رنز بناسکے، فخر زمان صرف تین رنز کے فرق سے نصف سنچری مکمل نہ کرسکے، انہوں نے ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 31 گیندوں پر47 رنز بنائے۔

محمد رضوان اور کیمرون ڈیلپورٹ نے چوتھی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 77 رنز بناکر ٹیم کا مجموعی اسکور 200 رنز تک پہنچادیا، جو پی ایس ایل سیزن ٹو میں کسی بھی ٹیم کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔ رضوان نے 46 اور کیمرون نے 35 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے حسن خان نے دو اور ذوالفقار بابر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مشکل ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف 13 کے مجموعی اسکورپر سعد نسیم صرف 5رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، دوسری وکٹ بھی جلد گرگئی اور احمد شہزاد 15 رنز بناکر محمد عرفان جونیئر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

ریلی روسوؤ نے تیزرفتار بیٹنگ کی اور18 گیندوں پر33 رنز بناکر چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوگئے، پریرا صرف ایک رن بناسکے۔

89 رنز پر چار وکٹیں گر جانے کے بعد کیون پیٹرسن اور سرفراز احمد نے مل کر اننگز کو آگے بڑھایا اور دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے آہستہ آہستہ ٹارگٹ کی جانب بڑھتے گئے، دونوں بیٹسمینوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 101 رنز بنائے، اس موقع پر سرفراز احمد 25 گیندوں پر دھواں دار45رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

کیون پیٹرسن نے 42 گیندوں کا سامنا کیا اور 8 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 88 رنز بنائے، انہوں محمد عرفان کے ایک اوور میں 4 چھکے لگائے۔ یوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 18 اعشاریہ 5 اوورز میں 202 رنز بناکر لاہو قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کیون پیٹرسن کو شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 7 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پرہے ، پشاور زلمی کے 5، اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے چار، چار جبکہ کراچی کنگز کے 2 پوائنٹس ہیں۔