کراچی میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

Karachi Rain

کراچی میں بارش شروع ہوتے ہی بجلی کے 50 فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے شہر بھر کے مختلف علاقوں میں بجلی منقطع ہو گئی۔
سندھ بھر کے مختلف شہروں میں بارش کے ایک روز بعد پیر کو کراچی شہر میں بھی بادل خوب گرجے اور برسے۔

شہر میں تیز بارش سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔


گزشتہ ایک ہفتے سے گرم موسم سے پریشان حال شہریوں میں بارش کے باعث خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

کراچی میں بارش نے موسم کو خوشگوار تو کر دیا مگر بارش شروع ہوتے ہی بجلی کے 50 فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے شہر بھر کے مختلف علاقوں میں بجلی منقطع ہو گئی۔

وقفے وقفے سے تیز بارش کے بعد شہر کی مختلف سڑکوں پر پانی بھی کھڑا ہو گیا جس سے ٹریفک جام بھی دیکھا گیا۔


محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ مزید 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے دوسری جانب گورنر سندھ عشرت العباد نے شہری انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔