سب کو ہنسانے والے راجو شری واستو چل بسے

راجو شری واستو کو یکم ستمبر کو تیز بخار ہوا جس کے بعد انہیں دوبارہ وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔

بھارت کے معروف کامیڈین راجو شری واستو ایک ماہ سے زائد عرصے سے اسپتال میں زیرِ علاج رہنے کے بعد بدھ کو دہلی میں انتقال کر گئےہیں۔

بھارتی نیوز ایجنسی 'ایشین نیوز انٹرنیشنل' (اے این آئی) کے مطابق کامیڈین راجو شری واستو کے اہلِ خانہ نے فن کار کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

اے این آئی کے مطابق راجو شری واستو 10 اگست 2022 کو دل میں تکلیف کے باعث دہلی میں واقع آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (اے آئی آئی ایم ایس) میں لایا گیا تھا۔

راجو شری واستو جم میں دورانِ ورزش سینے میں تکلیف کے باعث زمین پر گر گئے تھے جس کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا لیکن ان کی حالت خطرے سے باہر تھی۔

بھارتی نیوز ویب سائٹ 'انڈیا ڈاٹ کام' کے مطابق راجو شری واستو کو یکم ستمبر کو تیز بخار ہوا جس کے بعد انہیں دوبارہ وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا۔

کامیڈین کے انتقال پر بالی وڈ اور بھارت کی مختلف شخصیات کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

راجو شری واستو کا شمار بھارت کے معروف کامیڈین میں ہوتا تھا اور وہ کئی کامیڈی شوز کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔ وہ بھارتی کامیڈین دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج، کامیڈی سرکس، کپل شرما شو، شکتی مان اور دیگر شوز میں اپن فن کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں۔

اس کے علاوہ راجو کئی بالی وڈ فلموں میں بھی جلوہ گر ہو چکے ہیں جن میں 'میں نے پیار کیا'، 'تیزاب' اور 'بازی گر' شامل ہیں۔ حال ہی میں انہیں 'انڈیا لافٹر چیمپئن' میں مہمانِ خصوصی کے طور پر دیکھا گیا تھا۔

سن 2012 میں بھارتی ٹی وی چینل انڈیا ٹوڈے نے ایک ایونٹ کا انعقاد کیا جس میں مہمان خصوصی معروف بھارتی سیاست دان لالو پرساد یادیو تھے، راجو شری واستو نے اس شو کے دوران پرفارم کیا اور اپنے لطیفوں سے سابق وزیراعلی بہار کو ہنسنے پر مجبور کردیا۔

اپنے آٹھ منٹ کے اسٹیند اپ ایکٹ کا آغاز انہوں نے لالو پرساد یادیو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لالو پرساد سیاست دان نہ ہوتے تو بہت سارے کامیڈین کی انکم میں فرق پڑتا۔

انہوں نے نہ صرف حاضرین کو بتایا کہ جب لالو پرساد سے امریکی صدر براک اوباما نے سوئمنگ نہ آنے کی وجہ پوچھی تو ان کا کیا جواب تھا، بلکہ یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ زیادہ بچے ہونے کا ذمہ دار کانگریس پارٹی کو قرار دیتے ہیں۔

لالو پرساد یادو (فائل فوٹو)


لیکن جس ایکٹ پر لالو پرساد یادیو کے بھی ہنس ہنس کر آنسو نکل آئے اور وہ راجو شری واستو کو داد دئے بغیر نہ رہ سکے۔ وہ ایکٹ تھا سپر مین کے بارے میں۔ راجو کا کہنا تھا کہ بالی وڈ فلم 'کرش' کی کامیابی کے بعد ہالی وڈ والوں نے بھارت آکر 'سپر مین' کے کردار کے لیے آڈیشن لیے جس میں کامیاب صرف لالو پرساد ہوئے۔

لیکن سپر مین بننے کے بعد ان کی زندگی بدل گئی ، ان کی اہلیہ ان سےسوال کرتی تھیں کہ وہ نیلا کپڑا پہن کر کہاں اڑتے ہیں، دروازے کے بجائے کھڑکی سے کیوں جاتے ہیں اور مویشی کو اناج کیوں نہیں دیتے۔

اس موقع پر جب لالو پرساد نے انہیں بتایا کہ وہ سپر مین ہیں تو ان کی اہلیہ نے فوراً کہا کہ اگر وہ چھت پر پھیلے ہوئے گیلےکپڑوں کو پکڑ کر ہوا میں اڑیں تو وہ جلدی سوکھ جائیں گے۔

ایک اور لطیفہ سناتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سپر مین لالو پرساد نے کس طرح ایک ٹرین کو جنگل سے نکال کر اسٹیشن پر پہنچایا۔ لیکن بعد میں پتا چلا کہ اسٹیشن ہی غلط تھا۔