انگلینڈ نے پاکستان کو سات ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں باآسانی چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ 17 برس بعد پاکستان کی سرزمین پر کھیلنے والی انگلش ٹیم کے بلے بازوں نے میزبان بالرز کو کسی بھی لمحے میچ میں حاوی نہ ہونے دیا۔
منگل کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔ الیکس ہیلز کی نصف سینچری اور ہیری بروک کی برق رفتار 42 رنز کی اننگز کی بدولت انگلش ٹیم نے ہدف آخری اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
پاکستانی بالرز انگلش بلے بازوں کو دباؤ میں لانے میں ناکام رہے۔
الیکس ہیلز سب سے زیادہ 53 رنز بنا سکے جب کہ ہیری بروکس 41 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں بین ڈکِٹ 21، ڈیوڈ مالان 20 اور فل سالٹ 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے لیگ اسپنر عثمان قادر دو، شاہنواز دہانی اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان سے غلطی کہاں ہوئی؟
انگلش کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ پاور پلے کے اختتام تک میزبان ٹیم بغیر کسی نقصان کے نصف سینچری مکمل کر چکی تھی۔
دسویں اوور میں بابر اعظم 85 کے مجموعے پر 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ انگلش بالرز کی نپی تلی گیند بازی جاری رہی اور پاکستانی بیٹرز آتے اور جاتے رہے۔
حیدر علی 11 رنز ، محمد رضوان 68، شان مسعود سات، محمد نواز چار، خوشدل شاہ پانچ، نسیم شاہ اور عثمان قادر کوئی رن نہ بناسکے۔ مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد نے 17 گیندوں پر 28 رنز کی اننگز کھیل کر گرین شرٹس کے اسکور کو 158 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انگلینڈ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے لوک ووڈ کو بہترین بالنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔انہوں نے چار اوورز میں 24 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔
انگلش کرکٹ ٹیم 17 برس بعد پاکستان کے دورے پر ہے جہاں اسے مزید چھ میچز کھیلنا ہیں۔ سات میچز کی سیریز کا دوسرا میچ جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔