'ڈنکی' کی ریلیز کے بعد فلم بینوں کا ملا جلا ردِ عمل

فلم 'ڈنکی' کا پہلا شو جمعرات کو ممبئی میں صبح 5:55 پر شروع ہوا جسے دیکھنے کے لیے شاہ رخ خان کے مداحوں کی بڑی تعداد پہنچی۔

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی اس سال کی آخری فلم 'ڈنکی' جمعرات کو دنیا بھر میں ریلیز ہو گئی ہے۔ بالی وڈ اسٹار کی یہ رواں برس ریلیز ہونے والی یہ تیسری فلم ہے۔

فلم 'ڈنکی' کا پہلا شو جمعرات کو ممبئی میں صبح 5:55 پر شروع ہوا جسے دیکھنے کے لیے شاہ رخ خان کے مداحوں کی بڑی تعداد پہنچی۔

سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوز میں شاہ رخ خان کے مداحوں کو 'ڈنکی' کی ریلیز پر دھول کی تھاپ پر ڈانس کرتے اور آتش بازی کرتے دیکھا گیا ہے۔

’ڈنکی‘ کی ہدایات معروف ہدایت کار راج کمار ہیرانی نے دی ہے اور انہوں نے شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان کے ہمراہ اس فلم کو پروڈیوس بھی کیا ہے۔

راج کمار ہیرانی اس سے قبل منا بھائی ایم بی بی ایس، پی کی، تھری ایڈیٹس اور سنجو جیسی کامیاب فلمیں بناچکے ہیں۔

'ڈنکی' کی کہانی چار دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو اپنی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے بیرون ملک جانے کا خواب دیکھتے ہیں۔

فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ اداکارہ تاپسی پنو، بمن ایرانی اور وکی کوشل اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

'ڈنکی' ریلیز ہونے کے بعد بھارت اور پاکستان دونوں ملکوں میں سوشل میڈیا پر ڈنکی کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہا ہے اور شائقین ملے جلے ردِ عمل کا اظہار کر رہے ہیں۔

ایک صارف نے فلم پر ریویو دیتے ہوئے کہا کہ ایک عرصے بعد ایک اچھی فیملی فلم ریلیز ہوئی ہے۔ فلم انٹرٹینمنٹ سے بھرپور ہے جس میں ایک مضبوط پیغام بھی ہے۔

فلمی تجزیہ کار کومل نیہتا نے فلم کو بلاک بسٹر قرار دیا ہے۔

نیل جوشی کہتے ہیں ایسی فلم کبھی بنی ہی نہیں، انہوں نے فلم کو فائیو اسٹار دیے۔

جہاں شاہ رخ خان کے مداح ان کی فلم کی تعریفیں کر رہے ہیں وہیں بعض کی جانب سے مایوسی کا اظہار کر رہے ہیں۔

ایک مداح کا کہنا تھا کہ کہیں سے لگ ہی نہیں رہا کہ فلم کی ہدایات راج کمار ہیرانی نے دی ہیں۔

متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ فلم بہت ہی ایوریج ہے اور وہ اس طرح کی فلم پہلے دیکھ چکے ہیں۔

ایک اور صارف کا کہنا ہے کہ وہ فلم دیکھ کر بہت مایوس ہوئے ہیں۔