سلمان خان کی فلم "دبنگ"نے کامیابی کے جو ریکارڈز بنائے سو بنائے جنوبی بھارت کی علاقائی فلم انڈسٹری کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔ بزنس کے اعتبار سے ابھی تک ٹاپ موسٹ کہلائے جانے والے تمام ہیروز سلمان خان سے پیچھے رہ گئے ہیں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق جنوبی بھارت کے تمام بڑے پروڈیوسرز "دبنگ" کی ری میک کے لئے کاپی رائٹس خریدنے کی غرض سے سلمان کے گھر کے باہر لائن لگائے کھڑے ہیں۔ مگر پروڈیوسر ارباز خان ابھی کسی سے بھی معاہدے کے حق میں نہیں ہیں۔ وہ وقت گزار کر قیمت بڑھانا چاہتے ہیں۔
"دبنگ" سے پہلے صرف عامر خان کی فلم 'تھری ایڈیٹس' کے لئے بھی جنوب کے فلم میکرز اتنے ہی بے چین تھے۔ "دبنگ" کے لئے فلمساز کوئی بھی قیمت دینے کے لئے تیار ہیں۔ انہیں جنوبی بھارت کے فلم بینوں کا فلم دیکھنے کا رجحان اچھی طرح معلوم ہے ۔ پھر دبنگ تو ہندی میں ہٹ کیا، سپر ہٹ ہوگی۔
ارباز خان نے اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ جنوبی بھارت کے فلمسازوں نے ان سے رابطہ کیا ہے لیکن ارباز فلم پر ابھی اپنا کنٹرول رکھنا چاہتے ہیں ۔ ہوسکتا ہے وہ خود ہی دبنگ کی علاقائی زبان میں ری میکنگ کریں ۔ ویسے بھی فلم کی قیمت ابھی کتنا بڑھے گی، اس کا اندازہ ارباز خان سے بہتر اور کون لگا سکتا ہے۔