خیبرپختونخوا اور سندھ کے تعلیمی اداروں کی سیکورٹی، اقدامات

'ون کلک ایس او ایس‘ نامی موبائل ایپ کا آغاز ہوا ہے۔ اس ایپلیکیشن کے ذیعے، صرف ایک بٹن دبانے سے پولیس کو کسی بھی قسم کی دہشتگردی اور تخریب کاری جیسے واقعے کے بارے میں آگاہی حاصل ہو سکتی ہے

پاکستان کے صوبہٴخیبرپختونخوا میں 16 دسمبر 2014ء کو آرمی پبلک اسکول پر دہشتگردوں کے حملے اور بڑی تعداد میں طلبہ کی ہلاکتوں کےبعد جہاں پوری قوم سوگ میں ہے، وہیں صوبائی سطح پر تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کی جانب سے اسکولوں پر حملے کے خدشات پر سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں 'ون کلک الرٹ' موبائل ایپلیکیشن

سانحہ پشاور سے متاثرہ صوبہ خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیوں کے باوجود ممکنہ حملوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ آئندہ دنوں دہشتگردی کے کسی بھی سانحے اور واقعات سے نمٹنے کیلئے، صوبہ بھر کی پولیس کی جانب سے تعلیمی اداروں میں ایک موبائل ایپ پر مبنی ایک سروس کا آغاز ہوا ہے۔ اس موبائل ایپلی کیشن کا نام 'ون کلک ایس او ایس‘ رکھا گیا ہے۔

اس ایپلیکیشن کے ذیعے صرف ایک بٹن کی کلک کے ذریعے پولیس کو کسی بھی قسم کی دہشتگردی اور تخریب کاری جیسے واقعے کے بارے میں آگاہ کیا جا سکتا ہے۔

تعلیمی اداروں میں حملے کا شکار کوئی بھی فرد اس موبائل ایپ کے ذریعے ایک کلک دبانے سے انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں کو مطلع کرسکتا ہے۔ نا صرف یہ کہ حملے کی جگہ اور علاقے کے بارے مین بھی مکمل معلومات کےساتھ سیکورٹی ادارے الرٹ ہوسکیں گے، بلکہ اس سے پیش آنےوالے جانی و مالی نقصان سے بھی کسی طور بچنے میں مدد مل سکے گی۔ یہ موبائل فون ایپ اینڈرائڈ سافٹ وئیر کے ذریعے کام کرے گی۔

سندھ کے اسکولوں کے باہر بس اڈے ختم کرنے کا اعلان

ملک بھر کے دیگر تعلیمی اداروں کی طرح سندھ میں بھی صوبائی سطح پر تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئےجارہے ہیں۔

سندھ کے صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ، ممتاز جاکھرانی کی جانب سے سندھ کے اسکولوں کے باہر قائم گاڑیوں کی غیر ضروری پارکنگ اور ٹرانسپورٹ کے اڈوں کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اسکولوں کے سیکورٹی انتظامات کی بہتری کیلئے اسکول کے باہر ٹریفک اڈے ختم کردئےجائیں گے، جبکہ اسکول کی گاڑیوں اور بسوں کے ڈرائیوروں کے مکمل کوائف کی جانچ پڑتال کیجائےگی۔ ساتھ ہی، اسکولوں کی سیکورٹی پر مامور سیکورٹی گارڈز کو باقاعدہ قانونی اسلحہ لائنسنس فراہم کرنے کے لیے، اقدامات کئے جائیں گے۔