حکام نے بتایا ہے کہ جمعرات کی رات نوشہرہ ضلعے کے رسالپور قصبے میں ہونے والا یہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا۔
حکام کے بقول، ایک نامعلوم شخص سائیکل کو رسالپور چھاؤنی کے مصروف ترین چوک میں سڑک کنارے ایک ہوٹل کے پاس کھڑا کرکے غائب ہوگیا اور تھوڑی ہی دیر بعد سائیکل میں نصب بم کے بارودی مواد میں دھماکہ ہوا جِس سے ہوٹل میں موجود افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو نوشہرہ اور مردان کے اسپتالوں میں داخل کردیا گیا ہے جِن میں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
دھماکے سے ہوٹل اور متعدد کانوں کو شدید نقصان پہنچا ۔
ابھی تک کسی نے اِس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم، حکام اِس دھماکے میں طالبان عسکریت پسندوں کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کررہے ہیں۔
نوشہرہ ضلعے کے مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ واقعات وقتاً فوقتاً ہوتے رہتے ہیں۔ اِس ضلعے کے مختلف علاقوں میں سوات اور مالاکنڈ ڈویژن کے دیگر اضلاع سے 2009ء کے وسط میں فوجی کارروائی سے فرار ہونے والے درجنوں عسکریت پسندوں کو سکیورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا ہے۔
رسالپور چھاؤنی میں فوج اور ایئر فورسز کے اہم مراکز اورتنصیبات قائم ہیں۔