بھارتی وکٹ کیپر بلے باز ریشبھ پنت کار حادثے میں شدید زخمی

حادثے کے بعد ریشبھ کو گاڑی کا شیشہ توڑ کر باہر نکالا گیا جس کے بعد وہ اب مقامی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

بھارت کی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز ریشبھ پنت کار حادثے میں شدید زخمی ہو گئے ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

جمعے کو ریشبھ بھارتی ریاست اترکھنڈ سے دہلی جا رہے تھے کہ ڈیرہ دھون ہائی وے پر ان کی گاڑی سڑک کو تقسیم کرنے والی رکاوٹ سے ٹکرا گئی جس کے بعد کار میں آگ بھڑک اٹھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد ریشبھ کو گاڑی کا شیشہ توڑ کر باہر نکالا گیا جس کے بعد وہ اب مقامی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

بھارتی نشریاتی ادارے 'این ڈی ٹی وی' کے مطابق پولیس افسر اشوک کمار کا بتانا ہے کہ ریشبھ پنت کی گاڑی جمعے کی صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے حادثے کا شکار ہوئی جب کہ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرکٹر کی پیشانی، کمر اور ٹانگوں پر چوٹیں آئی ہیں۔

اسپتال میں میڈیا سے مختصر گفتگو میں ریشبھ نے بتایا کہ گاڑی چلاتے ہوئے انہیں نیند آ گئی تھی جس کے بعد گاڑی کو حادثہ پیش آیا اور آگ لگ گئی۔

اترکھنڈ کے وزیرِ اعلیٰ پشکار سنگھ دھامی نے اعلان کیا ہے کہ کرکٹر کے علاج پر آنے والے تمام اخراجات ریاستی حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر پنت کو کسی اور اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت پڑی تو اس کے لیے ایئر ایمبولیس فراہم کی جائے گی۔

سابق بھارتی کپتان اور وکٹ کیپر مہندرا سنگھ دھونی کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے ریشبھ پنت تمام فارمیٹس کے لیے ریگولر وکٹ کیپر ہیں اور گزشتہ دو برس کے دوران وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کے سب سے نمایاں بلے باز رہے ہیں۔

ریشبھ پنت بھارت کی اس ٹیم کا حصہ تھے جس نے رواں ماہ ہی بنگلہ دیش کو دو ٹیسٹ میچز میں 0-2 صفر سے شکست دی تھی۔

دو روز قبل ہی بھارتی سلیکشن کمیٹی نے ریشبھ کو سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم سے ڈراپ کر دیا تھا۔