بھارت کے فلم ساز ایس ایس راجامولی کی فلم 'آر آر آر' نے بھارت سمیت دنیا بھر کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے ہیں اور یہ بھارت کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آ گئی ہے۔
'آر آر آر' نے ریلیز ہونے کے بعد18دنوں میں ہی دنیا بھر سے ایک ہزار29 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کرلیا ہے۔
بھارت کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں کی فہرست میں پہلے نمبر پر عامر خان کی فلم 'دنگل' ہے جس نے دنیا بھر سے دو ہزار 24 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا۔
اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ایس ایس راجا مولی کی ہی فلم 'باہوبالی ٹو' ہے جس نے دنیا بھر سے ایک ہزار 810 کروڑ روپے کمائے تھے۔
سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں کی فہرست میں اب فلم 'آر آر آر' نے بالی وڈ کے سپراسٹار سلمان خان کی فلم 'بجرنگی بھائی جان' کو پیچھے چھوڑتے ہوئےتیسرے نمبر پر جگہ بنا لی ہے۔
واضح رہے کہ فلم 'بجرنگی بھائی جان' نے دنیا بھر سے 969 کروڑروپے کا بزنس کیا تھا۔
SEE ALSO: دی کشمیر فائلز: 'کشمیری پنڈتوں پر ظلم کی داستان یا آدھا سچ؟بھارتی خبر رساں ادارے 'دی انڈین ایکسپریس' کے مطابق فلم 'آر آر آر' کی کامیابی سے متعلق فلم ساز ایس ایس راجا مولی نے کہا کہ ان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم 'آر آر آر' اور 'باہو بالی 2' ثابت کرتی ہیں کہ انسانی جذبات پر مبنی فلمیں جغرافیائی حدود کو ختم کرسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک اسٹوری ٹیلر کی سب سے بڑی خواہش ہی یہی ہوتی ہے کہ اس کی کہانی کو زیادہ سے زیادہ لوگ سنیں اور وہ مشکور اور خوش ہیں کہ ان کی دو فلمیں ہزار کروڑ کلب میں شامل ہوئیں۔
فلم 'آر آر آر' 25 مارچ 2022 کو سنیما گھروں کی زینت بنی تھی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ پہلی بھارتی فلم ہے جسے بیرونِ ملک ڈولبی سنیما میں ریلیز کیا گیا تھا۔
'آئی ایم ڈی بی' کے مطابق 'آر آر آر' کی کہانی دو افسانوی انقلابیوں کے گرد گھومتی ہے جو 1920 کی دہائی میں اپنے ملک کے لیے لڑنے کی خاطر اپنے گھر سے دور رہتے ہیں۔
فلم میں اداکار رام چرن، جے آر این ٹی آر، عالیہ بھٹ، اجے دیوگن سمیت دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔