روسی سائنس دانوں نے ملک میں پرندوں کو لاحق ہونے والی بیماری 'برڈ فلو' کی ایک قسم H5N8 (ایوین) کے انسانوں میں منتقلی کے پہلے کیس کی تصدیق کی ہے۔ روس نے عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ 'ویکٹر لیبارٹری' میں کام کرنے والے سائنس دانوں نے اس کیس کو اس وقت دریافت کیا جب انہوں نے ایک پولٹری فارم میں کام کرنے والے سات ورکرز سے حاصل کیے گئے نمونوں کی جانچ پڑتال کی جن میں اس وائرس کی علامات تھیں۔
اس پولٹری فارم پر گزشتہ دسمبر میں پرندوں میں فلو کی پھیلنے کی اطلاعات سامنے آئیں تھیں۔
ان کارکنوں میں صحت کے کوئی سنگین نتائج ظاہر نہیں ہوئے تھے۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر اُن میں یہ وائرس پولٹری فارم کے ذریعے ہی منتقل ہوا ہے۔
ایوین فلو وائرس کی کئی اقسام ہیں جن میں H5N8 پرندوں کے لیے مہلک ہے تاہم اگر یہ انسانوں میں منتقل ہو جائے تو کرونا کی طرح تیزی سے دوسرے انسانوں میں منتقل نہیں ہوتا۔
Your browser doesn’t support HTML5
اس سے قبل اس قسم کے وائرس کی انسانوں میں منتقلی کی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی تھی۔
دریں اثنا عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ روس نے ادارے کو اس وائرس سے متعلق آگاہ کیا ہے۔
ادارے کے ایک ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں وہ روسی حکام سے مزید معلومات اکٹھی کر رہا ہے تاکہ اس کے صحتِ عامہ پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔