جاپان نے روس کے خلاف نئی اضافی تعزیرات عائد کردیں

فائل

اس سے قبل، جاپان نے اِسی سال روس کے خلاف دو قسم کی تعزیرات عائد کر دی تھیں۔ تاہم، یہ تازہ ترین اقدام اُن تعزیرات سے مطابقت رکھتا ہے جنھیں امریکہ اور یورپی یونین حالیہ ہفتوں کے دوران عمل میں لا چکے ہیں

یوکرین میں خلفشار کی پشت پناہی کرنے پر، جاپان نے روس کے خلاف اضافی تعزیرات عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے، روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بحران کا پُرامن حل تلاش کرے۔

جاپانی کابینہ کے چیف سکریٹری، یوشیدا سوگا نے کہا ہے کہ نئی تعزیرات روس کو اسلحے کی برآمد سے متعلق پابندیاں مزید سخت کردیں گی؛ اور ساتھ ہی ساتھ، کچھ روسی بینکوں کی طرف سے جاپان میں سکیورٹی بانڈز کے اجرا پر پابندی ہوگی۔

بقول اُن کے، یوکرین کی صورت حال کو پُرامن اور سفارتی انداز سے حل کرنے کے سلسلے میں، جاپان ’جی 7‘ اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

اس سے قبل، جاپان نے اِسی سال روس کے خلاف دو قسم کی تعزیرات عائد کر دی تھیں۔ تاہم، یہ تازہ ترین اقدام اُن تعزیرات سے مطابقت رکھتا ہے جنھیں امریکہ اور یورپی یونین حالیہ ہفتوں کے دوران عمل میں لا چکے ہیں۔

روس کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ جاپان کی طرف سے عائد کی گئی تعزیرات پر اُسے مایوسی ہوئی ہے۔ اِنھیں لاگو کرنے کا فیصلہ، بقول روس، غیر منطقی، اور ’غیر دوستانہ قدم‘ ہے۔