نوبیل انعام یافتہ روسی صحافی 'غیر ملکی ایجنٹ' قرار دیے جانےکے سرکاری فیصلے کو چیلنج کریں گے

نوبیل امن انعام یافتہ دمیتری موراتوف بااثر روسی اخبار نووایا گزیٹا کے چیف ایڈیٹر ماسکو ہیں۔ (فائل فوٹو)

نوبیل انعام یافتہ روسی صحافی دمیتری موراتوف حکومت کی جانب سے "غیر ملکی ایجنٹ" قرار دیے جانے کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

روس کی وزارتِ انصاف نے یکم ستمبر کو موراتوف کانام اُس فہرست میں شامل کیا تھا جس میں مبینہ طور پر روسی مفادات کے خلاف کام کرنے والے لوگوں پر باضابطہ طور پر "غیر ملکی ایجنٹوں" کا لیبل لگایا جاتا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے رپورٹ کیا ہے کہ روس میں اس طرح کا لیبل لگا کر لوگوں کوزندگیوں کو داغدار اور پیچیدہ بنا دیا جاتا ہے۔

دمیتری موراتوف اخبار نووایا گازیٹا کے مدیر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ پیر کو اخبار نے کہا کہ موراتوف عارضی طور پر ایڈیٹر انچیف کے طور پر اپنے عہدے سے الگ ہو جائیں گے تاکہ وہ خود پر لگنے والے'غیرملکی ایجنٹ' کے لیبل کو عدالت میں چیلنج کر سکیں۔

SEE ALSO: روس میں مخالفین کا مقدر: زہر،قتل یاخودکشی؟

حکام نےموراتوف پر غیر ملکی ایجنٹ کا لیبل لگاتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ انہوں نے یوکرین کے بچوں کے پناہ گزینوں کی مدد کے لیے اپنا نوبیل تمغہ نیلامی میں بیچا اور "غیر ملکی ایجنٹوں کے ذریعے مواد بنایا، پھیلایا اور اسے بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر روس کی خارجہ اور ملکی پالیسیوں کے بارے میں منفی رائے پھیلانے کے لیے استعمال کیا۔"

موراتوف کا اخبار تحقیقاتی کام کے لیے مشہور ہے جن میں کبھی کبھی کریملن، حکومتی پالیسی اور اعلیٰ حکام کو بھی نشانہ بنایا جاتا ہے۔موراتوف کو ان کی خدمات کے اعتراف میں 2021 میں امن کا نوبیل انعام دیا گیا تھا۔

روس کی وزارتِ انصاف نے یوکرین کے خلاف 'خصوصی فوجی کارروائی' کے نام سے کی جانے والی جنگ کے بعد سے غیر ملکی ایجنٹس کی ٖفہرست میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ وزارت اس لیبل کو جنگ کے نقاد اور مخالف لوگوں اور تنظیموں کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کرتی رہی ہے۔

SEE ALSO: روس میں امریکی صحافی کی قید میں توسیع،'صحافت جرم نہیں' گرشکووچ کے اخبار کا بیان

غیر ملکی ایجنٹ قرار دیے گئے صحافیوں کے لیے لازم ہے کہ وہ ہر رپورٹ میں اپنی حیثیت کے بارے میں ایک تردید شامل کریں۔ ان کی سرکاری سطح پر جانچ پڑتال کی جاتی ہے اور ان کی مالی پوزیشن کو بھی بغور دیکھا جاتا ہے۔

اس لیبل کا شکار بننے والے میڈیا پلیٹ فارمز روس میں مقیم اسپانسرز کی حمایت سے محروم ہو جاتے ہیں۔

نووایا گیزٹ نے 2022 میں اس وقت ا خبار کی اشاعت روک دی تھی جب روسی فوج کی کارروائیوں کے خلاف لکھنے پر بھاری جرمانے عائد کرنے والا قانون بنایا گیا تھا۔

اس اخبار سے وابستہ رہنے والے بہت سے صحافیوں نے شمالی یورپی ملک لیٹویا میں ایک نئی اشاعت نکالی ہے۔

اس خبر میں شامل مواد خبر رساں ادارے رائٹرز سے لیا گیا ہے۔