روسی حزب مخالف کے راہنما الیگزی نولنی کی روسی حکمرانوں کے احتساب کی کال پر روس کے شہروں میں ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرے کیے ہیں۔
ماسکو کے پُشکن اسکوائر کے قریب سینکڑوں مظاہرین کو گرفتار کیا گیا، جن میں نولنی بھی شامل تھے، جن پر بغیر اجازت کے مظاہرہ کرنے کا الزام ہے۔
اُن کی ایک حامی جنھوں نے اپنے نام کا پہلا حصہ، الینا بتایا، کہا ہے کہ ''یہ ایک اہم معاملہ تھا۔ شہری کے طور پر ہم نے یہاں آکر اپنا احتجاج درج کرایا۔ ہم اپنے ملک کے شہری ہیں''۔
مظاہرہ کرنے والے دوسرے فرد نے اپنا نام میکسم بتایا۔ اُنھوں نے کہا کہ ''یہاں میری موجودگی سے، میں نے حکمرانوں کی بدعنوانی پر احتجاج کیا''۔
اُنھوں نے کہا کہ ''حکمران اپنے ہی لوگوں سے بات نہیں کرنا چاہتے، وہ صرف طاقت کے ہتھکنڈوں کے ذریعے پیش آتے ہیں''۔
نولنی روسی حکمرانوں کے ناقد ہیں۔ اُنھیں اُس وقت حراست میں لیا گیا جب ماسکو کی ایک ریلی سے خطاب کے لیے وہاں پہنچے۔
وہاں سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، پولیس نے اُنھیں ایک ٹرک میں ٹھونسا، جب کہ سینکڑوں لوگ مظاہرے میں موجود تھے، جنھوں نے ٹرک کے دروازے کھولنے اور اُنھیں گرفتار ہونے سے بچانے کی کوشش کی۔