روس کی ایک ایٹمی آبدوز میں آتش زدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ تاہم، روسی حکام کا کہنا ہے کہ آبدوز سے کسی قسم کی تابکاری کا اخراج نہیں ہوا۔
اطلاعات کے مطابق 'ییکاٹیرنبرگ' نامی آبدوز میں آتش زدگی کا واقعہ روس کے شمالی مرمنسک علاقے کی ایک بندرگاہ پر پیش آیا جہاں آبدوز کو مرمت کی غرض سے لایا گیا تھا۔
روس کی وزارتِ دفاع نےکہا ہے کہ مرمت سے قبل آبدوز سےتمام ہتھیار نکال لیےگئے تھے جب کہ اس کا جوہری ری ایکٹر بھی بند کیا جاچکا تھا۔ حکام کے مطابق حادثہ میں کوئی فرد زخمی بھی نہیں ہوا ہے۔
واضح رہے کہ 'ڈیلٹا فور' ساختہ یہ آبدوز16 بین البراعظمی بیلسٹک میزائل لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
گمان ظاہر کیا جارہا ہے آگ کی ابتدا بندرگاہ کے لکڑی سے بنے پلیٹ فارم سے ہوئی۔ ایک ویڈیو فوٹیج میں علاقے سے دھوویں کے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اگست 2000ء میں بھی روس کی ایک ایٹمی آب دوز 'کرسک' کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں آب دوز پہ سوار عملے کے تمام 118 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔