عید ہو اور باکس آفس پر سلمان خان کی فلم نہ ہو، ایسا اب سوچنا بھی مشکل ہے۔
بالی وڈ کے سلطان، سلمان خان گزشتہ کئی سالوں سے ہر عید پر نئی فلم ریلیز کرتے ہیں جو متعدد ریکارڈ بناتی اور توڑتی ہے۔ اس عید پر ریلیز ہونے والی ان کی نئی فلم ’بھارت‘ نے بھی بہت سے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔
فلم ٹریڈ تجزیہ کار، ترون آدرش نے دبنگ خان کی نئی فلم بھارت کی باکس آفس رپورٹ کی خبر دیتے ہوئے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ بھارت عید کے چار دنوں میں 100 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کر گئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی ایک منفرد اعزاز اور ریکارڈ بھی سلمان خان کے ساتھ جڑ گیا اور وہ ہے 100 کروڑ سے زیادہ کمائی کرنے والی سب سے زیادہ فلموں کا۔
جی ہاں، سلمان خان کی 14 فلمیں 100 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کرنے والی فلموں کے کلب میں شامل ہیں۔
سلمان خان کی تین فلمیں 300 کروڑ، دو فلمیں 200 کروڑ اور نو فلمیں 100 کروڑ کا بزنس کر چکی ہیں۔
’بھارت‘ سلمان خان کی پہلے دن سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بھی بن گئی ہے۔
اس ریکارڈ ساز کامیابی پر خوش، سلمان خان نے ٹویٹر پر اپنے فینز کا شکریہ ادا کیا۔ سلمان خان کا کہنا تھا "بہت شکریہ۔۔۔ سب کو۔۔۔ میرے کیرئیر کی سب سے بڑی اوپننگ دینے کے لئے۔"
علی عباس ظفرکی ڈائرکٹ کردہ ’بھارت‘ کی کاسٹ میں سلمان خان، کترینہ کیف کے ساتھ ساتھ دیشا پتانی، سنیل گرور اور جیکی شیروف بھی شامل ہیں۔
فلم ’بھارت‘ 2014 میں بننے والی جنوبی کوریا کی فلم ’این او ڈی ٹو مائے فادر‘ سے ماخوذ ہے۔