آرٹیفیشل انٹیلی جینس(اے آئی) چیٹ بوٹ' چیٹ جی پی ٹی'بنانے والی کمپنی 'اوپن اے آئی' نے اپنے برطرف کیے گئے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) سیم آلٹمین کو دوبارہ کمپنی کا حصہ بنا لیا ہے۔
سیم آلٹمین کو 17 نومبر کو اوپن اے آئی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے عہدے سے فارغ کردیا تھا۔ بورڈ نے انہیں برطرف کرنے کی وجہ یہ بتائی تھی کہ وہ بورڈ کے ساتھ رابطوں میں کھل کر مؤقف پیش نہیں کرتے تھے اور ان کا یہ رویہ ذمہ داریوں کو انجام دینے میں رکاوٹ تھا۔
اس برطرفی کے بعد پیر کو امریکہ کی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے سیم آلٹمین کو اپنی کمپنی کا حصہ بنا لیا تھا۔ مگر اس پیش رفت کے ایک روز بعد ہی اوپن اے آئی اور سیم آلٹمین کے درمیان معاملات طے پاگئے۔
خیال رہے کہ مائیکروسافٹ کے اوپن اے آئی میں پہلے ہی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔
سان فرانسسکو میں موجود کمپنی اوپن اے آئی نے منگل کو رات گئے ایک بیان میں اعلان کیا کہ ہم اصولی طور پر سیم آلٹمین کے ساتھ ایک معاہدے پر پہنچ گئے ہیں جس میں وہ ایک نئے بورڈ کے ساتھ بطورِ سی ای او اوپن اے آئی میں واپس آئیں گے۔
سیم آلٹمین نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ وہ اوپن اے آئی میں واپسی کا منتظر ہوں۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس ' کے مطابق اوپن اے آئی کا یہ نیا بورڈ اس بورڈ کی جگہ لے گا جس نے جمعے کو سیم آلٹمین کو برطرف کیا تھا۔
نئے بورڈ کی سربراہی بریٹ ٹیلر کریں گے جو ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر خریدے جانے سے قبل اس کے بورڈ کی سربراہی بھی کر رہے تھے۔
بورڈ کے دیگر ارکان میں امریکہ کے سابق وزیرِ خزانہ لیری سمرز اور آن لائن پلیٹ فارم ’کورا‘ کے سی ای او ایڈم ڈی اینجیلو شامل ہوں گے۔
اوپن اے آئی کے سابقہ بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ڈی انجیلو بھی شامل تھے، جنہوں نے سیم آلٹمین کو نکالنے کی کوئی خاص وجوہات نہیں بتائی تھیں۔
سیم آلٹمین کی گزشتہ ہفتے ہونے والی برطرفی نے کمپنی میں اندرونی اختلافات کو جنم دیا تھا جب کہ کمپنی پر اس کے سرمایہ کاروں کی جانب سے بیرونی دباؤ بھی بڑھ گیا تھا۔
اس معاملے نے سیم آلٹمین اور کمپنی کے بورڈ اراکین کے درمیان اختلافات کو بھی بڑھا دیا تھا۔
بورڈ اراکین اس بارے میں بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا کہ جیسے جیسے اے آئی ترقی کر رہی ہے اس کے حفاظتی خطرات بھی بڑھ رہے ہیں۔
یہ بھی جانیے
ملازمین کی 'اوپن اے آئی' چھوڑنے کی دھمکی، برطرف سی ای او مائیکروسافٹ کا حصہ بن گئے اے آئی بریانی بنانے میں مدد دے سکتی ہے؟مصنوعی ذہانت کی دوڑ ؛ گوگل کا ’بارڈ‘ لانچ کرنے کا اعلان مصنوعی ذہانت نسل انسانی کو تباہ و برباد کر سکتی ہے؟ چیٹ جی پی ٹی سے چلنے والے گلاسز؛ خصوصیات کیا ہیں؟سیم آلٹمین کی اوپن اے آئی سے برطرفی کے بعد 770 ملازمین پر مشتمل کمپنی کے ملازمین کی اکثریت نے دھمکی دی تھی کہ اگر سیم آلٹمین کو برطرف کرنے والے بورڈ کو فارغ نہیں کیا جاتا تو وہ بھی سیم آلٹمین کی پیروی کرتے ہوئے اوپن اے آئی چھوڑ دیں گے۔
ملازمین کی جانب سے میڈیا کو جاری ایک خط میں بورڈ کے حوالے سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ آپ کے اقدامات نے ثابت کر دیا ہے کہ آپ اوپن اے آئی کی نگرانی کرنے کے اہل نہیں ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ ملازمین نے کہا تھا کہ مائیکروسافٹ نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ مائیکروسافٹ کے ماتحت ایک نئی اے آئی کمپنی کے پاس یہاں کے تمام ملازمین کے لیے مواقع موجود ہے۔
واضح رہے کہ سیم آلٹمین کو اوپن اے آئی کے تحت نومبر 2022 میں ’چیٹ جی پی ٹی‘ متعارف کرانے کے بعد شہرت ملنا شروع ہوئی تھی۔ اوپن اے آئی نے رواں برس مارچ میں اس کا جدید ترین ورژن ’چیف جی پی ٹی فور‘ متعارف کرایا تھا۔
چیٹ جی پی ٹی کو بنانے کے لیے جنریٹو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال کیا گیا ہے۔
اس کے ذریعے نئے مواد کی تخلیق کو ممکن بنایا جاتا ہے۔ ٹیکنالوجی کے ادارے جیسے مائیکرو سافٹ چاہتے ہیں کہ صارفین اس ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔
اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔