'گلیکسی 7 کی فروخت بند، صارفین یہ فون استعمال نہ کریں'

جنوبی کوریا کی اس بڑی کمپنی کے بازار حصص میں شیئرز کی منگل کو قیمت میں سات فیصد گراوٹ بھی دیکھی گئی۔

ٹیکنالوجی کی ایک بڑی کمپنی سام سنگ نے اپنے اسمارٹ فون "گیلکسی نوٹ 7" کی دنیا بھر میں فروخت اور اس فون کی تبدیلی کو روکتے ہوئے تمام صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس کا استعمال بند کر دیں۔

منگل کو کمپنی نے کہا کہ گلیکسی نوٹ 7 کے صارفین اس فون کو بند کر دیں اور فون کو واپس کر کے یا تو رقم لے لیں یا پھر کوئی اور فون اس کے بدلے حاصل کر لیں۔

ایک بیان میں کہا گیا کہ "ہم حالیہ دونوں میں اس فون سے متعلق ہونے والے واقعات کی تحقیقات کے لیے متعلقہ ادارے کے ساتھ ملک کر کام کر رہے ہیں۔"

حال ہی میں متعارف کروائے گئے اس فون کی بیٹری کے پھٹنے اور فون سے دھواں نکلنے کے واقعات سامنے آ چکے تھے جس کے بعد پہلے کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ صارفین اپنا یہ فون نئے گیلکسی نوٹ 7 سے تبدیل کروا سکتے ہیں۔

جنوبی کوریا کی اس بڑی کمپنی کے بازار حصص میں شیئرز کی منگل کو قیمت میں سات فیصد گراوٹ بھی دیکھی گئی۔

امریکہ میں صارفین کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس فون میں خرابی کے سامنے آنے والے پانچ واقعات کی چھان بین کر رہے ہیں۔

حکام نے سام سنگ کمپنی کے اس تازہ فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

قبل ازیں سام سنگ کمپنی نے تقریباً 25 لاکھ "گلیکسی نوٹ 7" واپس منگوا لیے تھے۔