|
ویب ڈیسک-- بھارت کے سپریم کورٹ میں جمعے کو تمام ججز، ان کے اہلِ خانہ اور دیگر ممبران کے لیے بالی وڈ فلم 'لاپتا لیڈیز' کی اسکریننگ کی جائے گی۔
بھارتی اخبار 'دی ہندو' کی رپورٹ کے مطابق فلم کی اسکریننگ میں فلم کے پروڈیوسر اداکار عامر خان اور فلم کی ہدایت کارہ اور عامر خان کی سابق اہلیہ کرن راؤ بھی شرکت کریں گی۔
'لاپتا لیڈیز' یکم مارچ 2024 کو سنیما گھروں میں جب کہ 26 اپریل کو نیٹ فلکس پر ریلیز کی گئی تھی جسے بھارت سمیت پاکستان اور دیگر ممالک میں بھی خاصا پسند کیا گیا تھا۔
فلم کی کاسٹ میں تقریباً تمام ہی نئے چہرے شامل تھے جب کہ اس کہانی میں صنفی برابری کا پیغام دیا گیا تھا۔
SEE ALSO: دھمال فور، مستی فور اور ہاؤس فل فائیو؛ رتیش دیش مکھ کئی مشہور سیکولز کا حصہسپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق فلم کی اسکریننگ سپریم کورٹ آف انڈیا کے قیام کے 75ویں سال کے موقع پر منعقد ہونے والی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔
لاپتہ لیڈیز کی کہانی بپلاب گوسوامی نے لکھی تھی جب کہ اس میں نتانشی گوئل، اسپرش شری واستوا، پرتھیبا رانتا، ابھے دوبے اور چھایا قدم نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
فلموں کے بزنس کے اعداد و شمار جاری کرنے والی بھارتی کمپنی 'سیک نلک' کے مطابق 'لاپتا لیڈیز' نے باکس آفس پر بھارت سمیت دنیا بھر سے 27 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔