امریکہ: الاسکا میں دو چھوٹے طیارے آپس میں ٹکرا گئے، سات افراد ہلاک

(فائل فوٹو)

امریکی ریاست الاسکا میں دو چھوٹے طیارے آپس میں ٹکرانے سے مقامی سیاست دان سمیت سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حادثہ جزیرہ نما کنائے کے سولٹنہ ہوائی اڈے کے قریب جمعے کی صبح پیش آیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ریاستی ایوانِ نمائندگان کے رُکن گیری نوپ بھی شامل ہیں جو ایک طیارہ اُڑا رہے تھے جب کہ دوسرے طیارے میں چار سیاح، پائلٹ اور ایک مقامی گائیڈ سوار تھے۔

حکام کے مطابق طیارے میں سوار چھ افراد موقع پر ہلاک جب کہ ایک شخص کی ہلاکت اسپتال لے جاتے ہوئے ہوئی۔ طیارے کا ملبہ قریبی شاہراہ پر گرنے کے بعد اسے عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔

امریکہ کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ ایک طیارہ ہیوی لینڈ ڈی ایچ سی ٹو ساخت کا تھا۔ ادارے نے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے ساتھ مل کر حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں 67 سالہ گیری نوپ، 67 سالہ گریگری بیل، 40 سالہ گائیڈ ڈیوڈ راجرز جب کہ جنوبی کیرولائنا سے تعلق رکھنے والے چار سیاح بھی شامل تھیں جن کی عمریں 23 سے 26 سال کے درمیان تھیں۔

اس سے قبل الاسکا میں گزشتہ سال مئی میں بھی دو طیارے فضا میں ٹکرانے سے چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔