پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیسٹ پلیئر رینکنگ میں پہلی مرتبہ دنیا کے پانچ بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں۔ انہیں یہ پوزیشن بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شاندار کامیابی کے بعد ملی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں مجموعی طور پر سات وکٹیں لے کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
شاہین شاہ آفریدی نے دونوں اننگرز میں مجموعی طور پر ایک سو دو رنز دے کر سات بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔
آئی سی سی کی جاری کردہ نئی ٹیسٹ بالرز رینکنگ میں شاہین شاہ آفریدی کی تین درجہ ترقی ہوئی ہے اور وہ آٹھویں نمبر سے پہلی مرتبہ پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن، جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا اور نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر کو پیچھے چھوڑ کر پانچویں پوزیشن حاصل کی ہے۔
SEE ALSO: آئی سی سی رینکنگ: بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی میں بھی نمبر ون بلے باز بن گئےخیال رہے کہ شاہین شاہ آفریدی حالیہ ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں جو پانچ بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ ان کے سوا ٹیسٹ رینکنگ میں پانچ بہترین بلے بازوں، بالرز اور آل راؤنڈرز میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔
پاکستان ٹیم کے فاسٹ بالر حسن علی کی درجہ بندی میں بھی بہتری آئی ہے اور وہ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں 11 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ انہوں نے بھی بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں مجموعی طور پر سات وکٹیں لی تھیں۔
دوسری جانب آئی سی سی کی ٹاپ ٹین بالنگ رینکنگ میں شامل ہونے والوں میں نیوزی لینڈ کے کیل جیمیسن بھی ہیں جو اس وقت نویں نمبر پر موجود ہیں۔
بلے بازوں کی رینکنگ کی بات کریں تو نیوزی لینڈ کے ٹام لیتھم اور سری لنکا کے ڈیموتھ کرونارتھنا بھی دس بہترین بلے بازوں میں شامل ہو گئے ہیں۔
آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بلے بازوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر انگلینڈ کے جو روٹ موجود ہیں جب کہ بالروں میں آسٹریلوی بالر پیٹ کمنز کا پہلا نمبر ہے۔ آل راؤنڈرز کی فہرست میں جیسن ہولڈر پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔