پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپیڈ اسٹار شاہنواز دھانی نے پیر کو بنگلہ دیش کے خلاف اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو میچ کھیلا ہے۔
سابق کپتان سرفراز احمد نے شاہنواز دھانی کو گرین کیپ دی۔ دھانی کا تعلق سندھ کے ضلع لاڑکانہ سے ہے اور وہ نیشنل ٹیم میں جگہ بنانے والے لاڑکانہ کے پہلے کرکٹر ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ شروع ہونے سے کچھ دیر قبل ہی دھانی کی ایک ویڈیو جاری کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ کریئر کا پہلا میچ بہت اہم ہوتا ہے۔
بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے دوران دھانی نے تین اوورز کیے اور ایک وکٹ بھی حاصل کی۔
تئیس سالہ دھانی کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ بہت مختلف ہوتی ہے۔ پی ایس ایل یا ڈومیسٹک لیگ کھیلنے سے اعتماد ملا ہے لیکن قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا مختلف ہوتا ہے۔
دھانی نے ڈیبیو میچ سے قبل اپنی والدہ سے ویڈیو کال کے ذریعے گفتگو کی اور کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ ڈیبیو میچ کے وقت اہلِ خانہ ساتھ ہوتے۔
واضح رہے کہ شاہنواز دھانی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کی تھی اور وہ ایونٹ کے بہترین بالر قرار پائے تھے۔
دھانی نے گیارہ میچز میں 17 کی اوسط سے 20 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ان کا بہترین اسٹرائیک پانچ رنز کے عوض چار وکٹیں تھیں۔
پی ایس ایل کی اس کارکردگی پر شاہنواز دھانی کو متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں بطور ریزرو کھلاڑی شامل کیا گیا تھا۔
شاہنواز کو آئی سی سی مقابلے میں فائنل الیون کا حصہ بننے کا تو موقع نہ ملا لیکن وہ ٹریننگ سیشن اور ڈریسنگ روم میں اپنے ملنسار رویے کی وجہ سے خبروں کی زینت بنتے رہے۔
اس سے قبل دھانی کو مارچ 2021 میں زمبابوے اور جون 2021 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا لیکن ان دونوں سیریز میں بھی وہ فائنل الیون کا حصہ نہیں بن سکے تھے۔