بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی رواں سال آنے والی تیسری فلم 'ڈنکی' دسمبر میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم کے پروڈیوسرز نے اس کی ریلیز ملتوی کرنے کے حوالے سے خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا میں گزشتہ دنوں خبر گردش کررہی تھی کہ راج کمار ہرانی کی ہدایات میں بننے والی فلم 'ڈنکی' کی پوسٹ پروڈکشن تاخیر کا شکار ہے اور امکان ہے کہ یہ فلم 22 دسمبر تک مکمل نہیں ہوسکے گی۔
ان رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ اگر فلم نامکمل ہوئی تو اس کی ریلیز ملتوی کردی جائے گی اور اداکار پرابھاس کی 'سالار' اکیلے ہی ریلیز ہوگی۔
تاہم معروف تجزیہ کار ترن آدرش نے ان میڈیا رپورٹس کو غلط قرار دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ فلم کے پروڈیوسرز اس کی ریلیز آگے نہیں بڑھارہے اور فلم مقررہ وقت پر ہی ریلیز ہوگی۔
ترن آدرش نے مزید کہا کہ 'ڈنکی' کا ٹیزر بھی جلد سامنے آئے گا جس کے بعد شاہ رخ خان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
اس سے قبل شاہ رخ خان نے بھی ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کی فلمیں خاص موقعوں پر ریلیز ہورہی ہیں۔ جیسے ری پبلک ڈے پر پٹھان آئی اور جنم اشتمی پر جوان ریلیز ہوئی تھی۔
ڈنکی کی کاسٹ میں شاہ رخ خان کے ساتھ ساتھ تاپسی پنوں بھی شامل ہیں۔ دونوں اداکار پہلی مرتبہ ایک ساتھ کسی فلم میں کام کررہے ہیں۔
یہ معروف ہدایت کار راج کمار ہرانی کے ساتھ شاہ رخ خان کی پہلی فلم ہے۔ جو اس سے قبل 'منا بھائی ایم بی بی ایس'، 'لگے رہو منا بھائی'، 'پی کے'، 'تھری ایڈیٹس' اور 'سنجو' جیسی ہٹ فلمیں بناچکے ہیں۔
فلم کا انتظار کرنے والے شائقین نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اس خبر پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
ایک صارف نے پرابھاس کو ڈائنو سار قرار دیتے ہوئے ان کے کے مداحوں کو خبردار کیا کہ ڈنکی کے ریلیز ہونے کے بعد ان کے فیورٹ اداکار کی لوٹری ختم ہوجائے گی۔
ایک اور صارف نے دونوں فلموں کی باکس آفس پر ٹکراؤ کو خوش آئند قرار دیا۔
کلاسک موہیتو نامی صارف نے تو صاف صاف لکھ دیا کہ اس ٹکراؤ سے سب سے زیادہ نقصان پرابھاس کو ہوگا کیوں کہ بالی وڈ کا بادشاہ صرف ایک ہے۔
ایک اور صارف نے ڈنکی کی ریلیز ملتوی ہونے کی خبر کے غلط قرار دیے جانے پر ٹوئٹ کیا کہ اس خبر کے بعد'سالار' کی پبلک ریلیشنز ٹیم کوما میں چلی گئی ہے۔
ایسا پہلی بار نہیں ہورہا کہ شاہ رخ خان کی کسی فلم کا ٹکراؤ باکس آفس پر ہدایت کار پراشانتھ نیل کی فلم سے ہورہا ہے۔ اس سے قبل 2018 میں کنگ خان کی 'زیرو' کا تصادم ساؤتھ انڈین فلم ’کے جی ایف ‘ سےہوا تھا۔
یہ سال شاہ رخ خان کے فلمی کریئر کا سب سے کامیاب سال ثابت ہورہا ہے۔ جس میں ان کی دو فلموں 'پٹھان' اور 'جوان' نے باکس آفس پر ناقابل یقین بزنس کیا۔
سال کے آغاز میں ریلیز ہونے والی 'پٹھان' نے باکس آفس پر ریکارڈ ہزار کروڑ روپے کا بزنس کیا جب کہ 'جوان' کی اس وقت دنیا بھر میں کامیاب نمائش جاری ہے۔