رسائی کے لنکس

بھارت کی پاکستان کے خلاف ورلڈکپ کی تاریخ میں مسلسل آٹھویں کامیابی


بھارت نے پاکستان کو ایک مرتبہ پھر شکست دے کر کرکٹ ورلڈکپ کے مقابلوں میں مسلسل آٹھویں جیت ریکارڈ کرا دی ہے۔

احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہفتے کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 192 رنز کا ہدف دیا جسے روہت شرما الیون نے باآسانی تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

میچ میں صرف 36 گیندوں پر نصف سینچری بنانے والے بھارتی کپتان روہت شرما کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا، وہ مجموعی طور پر 86 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کامیابی کے بعد بھارت نے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے، ان کے تین میچوں کے بعد چھ پوائنٹس ہیں۔ اتنے ہی میچز کے بعد نیوزی لینڈ کے بھی چھ پوائنٹس ہیں لیکن بہتر رن ریٹ کی وجہ سے بھارت کیویز سے آگے ہے۔

بھارتی کپتان روہت شرما کے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کے فیصلے کو ان کے بالرز نے درست ثابت کیا۔ بھارتی بالرز نے نہ صرف پاکستانی بلے بازوں کو آزادی سے رنز بنانے سے روکا بلکہ وقفے وقفے سے وکٹیں لے کر مہمان ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میچ کا ایک منظر
پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میچ کا ایک منظر

پاکستان نے اننگز کا آغاز تو جارحانہ انداز میں کیا تھا، لیکن دفاعی حکمت عملی اختیار کرنے کے بعد وکٹیں گرنے کا ایک ایسا سلسلہ شروع ہوا جو اننگز کے اختتام پر تھما۔

اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق کے بالترتیب 20 اور 36 رنز کے بعد کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کریز پر آئے، اور دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 82 قیمتی رنز جوڑے۔

بابر اعظم نے وکٹ کے چاروں جانب اسکور کرکے بھارتی بالرز کو پریشان تو کیا لیکن نصف سینچری مکمل کرنے کے بعد اننگز کو آگے نہ بڑھاسکے۔

پاکستانی کپتان نے 57 گیندوں پر بھارت میں میزبان ٹیم کے خلاف پہلی نصف سینچری بنائی تو تماشائیوں کی خاموشی نمایاں تھی، لیکن جب اگلی ہی گیند پر محمد سراج کی گیند پر وہ بولڈ ہوئے تو شائقین خوشی سے بے حال ہوگئے

پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میچ دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میچ دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹیں گرنے کا جو سلسلہ شروع ہوا وہ آخری وکٹ کے گرنے تک جاری رہا ، ان کے بعد آنے والوں میں سوائے محمد رضوان کے کوئی بھی بلے باز نہیں چلا۔

پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز نے میچ میں 69 گیندوں کا سامنا کرکے 49 رنز کی اننگز کھیلی، اس کے باوجود پاکستان کی آخری سات وکٹیں اسکور میں صرف 36 رنز کا ہی اضافہ کرسکیں۔

بھارت کی جانب سے جسپرت بمراہ، محمد سراج، ہاردیک پانڈیا، کلدیپ یادیو اور رویندر جڈیجا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ایک سو اکیانوے رنز کے جواب میں بھارتی ٹیم کا آغاز جارحانہ تھا، روہت شرما نے تمام ہی بالرز کے خلاف رنز اسکور کرتے ہوئے 36 گیندوں پر نصف سینچری اسکور کی۔

بھارت نے ہدف 31ویں اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، روہت شرما 63 گیندوں پر 86 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں چھ چوکے اور چھ چھکے شامل تھے۔

شریاس ائیر 62 گیندوں پر 53 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی دو وکٹوں کے ساتھ سب سے نمایاں بالر رہے۔

بڑے میچ سے قبل بڑی تقریب

پاک بھارت میچ سے قبل احمد آباد کے اسٹیڈیم میں ایک رنگارنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کئی فن کاروں نے شرکت کی۔

اس ہائی وولٹیج تقریب کو بالی وڈ اسٹارز امیتابھ بچن اور رجنی کانت کی شرکت نے چار چاند لگادیے۔

آدھے گھنٹے جاری رہنے والی تقریب میں معروف گلوکار اریجیت سنگھ ، شنکر مہادیون اور سکھویندر سنگھ نے بھی اپنے فن کا جادو جگایا۔

بھارت گلوکار اریجیت سنگھ میچ سے پہلے اسٹیڈیم میں اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ 14 اکتوبر 2023
بھارت گلوکار اریجیت سنگھ میچ سے پہلے اسٹیڈیم میں اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ 14 اکتوبر 2023

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG