افغانستان: بارودی سرنگیں صاف کرنے والے چھ اہلکار قتل

فائل

پولیس ترجمان کے مطابق حملہ آور تین دیگر اہلکاروں کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

افغانستان کے مغربی صوبے ہرات میں مبینہ طالبان شدت پسندوں نے بارودی سرنگیں صاف کرنے والی ایک کمپنی کے چھ اہلکاروں کو ہلاک کردیا ہے۔

ہرات کی پولیس کے ترجمان عبدالرؤف احمدی کے مطابق تمام چھ افراد کو اس وقت قتل کیا گیا جب وہ ضلع خوست کے ایک دیہی علاقے میں بارودی سرنگیں صاف کررہے تھے۔

پولیس ترجمان کے مطابق حملہ آور تین دیگر اہلکاروں کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ تمام افراد 'ہالو ٹرسٹ' نامی تنظیم سے منسلک تھے جو جنگ زدہ علاقوں میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کا کام کرتی ہے۔

ترجمان کےمطابق اہلکارعلی الصباح علاقے میں نکل گئے تھے اور انہوں نے پولیس کو اپنے سفر کے بارے میں مطلع نہیں کیا تھا۔

پولیس ترجمان نے بتایا ہے کہ مغوی اہلکارو ں کی تلاش اور بازیابی کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل افغانستان کے جنوبی صوبے زابل میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک پولیس چوکی پر تین پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کرکے اپنے چار دیگر ساتھیوں کو ہلاک کردیا تھا۔

زابل کے نائب گورنر محمد جان رسول یار نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ واقعہ ضلع جلدک میں پیش آیا۔

نائب گورنر کے مطابق طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتےہوئے دعویٰ کیا ہے کہ فائرنگ کرنے والے تینوں پولیس اہلکار چوکی میں موجود اسلحے اور پولیس کی گاڑی لے کر ان سے آن ملے ہیں۔