عہدے داروں نے بتایا ہے کہ صومالیہ کے پنَٹ لینڈ خطے میں سرکاری فوجوں اورباغیوں کے درمیان لڑائی میں کم از کم 26افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
عینی شاہدین نے کہا ہے کہ بدھ کو علی الصبح جنگجوؤں نے گال گالا علاقے میں پَنٹ لینڈ فوجیوں پر حملہ کیا۔
علاقےکے سلامتی سے متعلق وزیر یوسف احمد خیر نے وائس آف امریکہ کی صومالی سروس کو بتایا کہ چار فوجی ہلاک، جب کہ چار زخمی ہوئے۔
اُنھوں نے کہا کہ بعد میں فوجیوں نے جوابی حملہ کیا جس میں 21باغی ہلاک ہوئے۔ ابتدائی رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ باغیوں نے گال گالا پر قبضہ کر لیا ہے، تاہم یوسف احمد خیر نے بتایا ہے کہ حکومت نے علاقے کا کنٹرول دوبارہ سنبھال لیا ہے۔
گال گالا، بساسو کے جنوب مغرب میں 40کلومیٹرکے فاصلے پر واقع ہے جو کہ نیم خودمختار پَنٹ لینڈ خطےکے کاروباری دارالحکومت کا درجہ رکھتا ہے۔
بدھ کے روز حملے میںٕ ملوث لوگ اسلحے کا کاروبار کرنے والے محمد عطم کے حامی بتائے جاتےہیں، جو کہ القاعدہ سے منسلک دہشت گرد گروپ الشباب کا ایک رکن ہے۔
الشباب، صومالیہ کی عبوری حکومت کا تختہ الٹنے اور شریعت کےقانون کی کٹر تشریح کی بنیاد پر ریاست کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔