صومالیہ: امریکی فضائی کارروائی، الشباب کا سرغنہ ہلاک

فائل

صومالیہ کے قومی انٹیلی جنس اور سلامتی کے ادارے نے منگل کے روز جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا ہے کہ پیر کے دِن کی اِس فضائی کارروائی میں عبدی شکور تلیل ہلاک ہوا

حکومتِ صومالیہ کا کہنا ہے کہ سعکو کے قصبے کے قریب امریکی فضائی کارروائی کے دوران، الشباب کے انٹیلی جنس سربراہ ہلاک ہوگئے۔

صومالیہ کے قومی انٹیلی جنس اور سلامتی کے ادارے نے منگل کے روز جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا ہے کہ پیر کے دِن کی اِس فضائی کارروائی میں عبدی شکور تلیل ہلاک ہوا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جس گاڑی میں وہ سوار تھا، اُسے سعکو اور جواری کے گاؤں کے درمیان سفر کے دوران نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا۔

القاعدہ سے منسلک الشباب صومالی حکومت کا تختہ الٹنےاور ملک کو دقیانوسی مذہبی ریاست بنانے کی کوششیں کر رہا ہے۔

ایک امریکی ترجمان نے پیر کے دِن کہا کہ حکام کے خیال میں، اس فضائی کارروائی میں کوئی سولین ہلاکتیں واقع نہیں ہوئیں۔

ستمبر میں، صومالیہ میں کیے گئے ایک امریکی فضائی حملے میں الشباب کا ایک اور سرغنہ، احمد عبدی گودانے ہلاک ہوا تھا۔

گذشتہ ایک برس کے دوران، صومالی اور افریقی یونین کی فوجوں نے شدت پسندوں کو پسپہ کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔