صومالیہ کے دارالحکومت کے شمال مشرقی قصبے میں ایک ریسٹورنٹ پردو خودکش بم حملوں میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے۔
فوری طور پر کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن شبہ ہے اس میں شدت پسند تنظیم الشباب کے جنگجو ملوث ہو سکتے ہیں۔
یہ بم دھماکے جمعہ کی شام ہوئے، صومالیہ میں عموماً اس دن شام کے وقت لوگوں کی بڑی تعداد اپنے گھروں سے باہر نکلتی ہے۔
حکام کے مطابق پہلے ایک خودکش بمبار نے ریسٹورنٹ کے داخلی دروازے پر دھماکا کیا اور جب لوگ مدد کے لیے وہاں پہنچے تو ایک گاڑی میں سوار خودکش بمبار نے دھماکا کر دیا۔
الشباب صومالیہ میں سخت اسلامی قوانین کا نفاذ چاہتی ہے۔ افریقن یونین اور صومالی فوج کی کارروائیوں کے باعث الشباب کے جنگجو ملک کے بیشتر علاقوں میں پسپائی کا شکار ہیں لیکن اس کے باوجود وہ کئی علاقوں میں پرتشدد حملے کرتے چلے آ رہے ہیں۔