جنوبی کوریا نے دسمبر میں اپنے ایک ساحلی محافظ کو ہلاک کرنے کے الزام میں چین کے ایک ماہی گیر کو 30 سال قید کی سزاسنائی ہے۔
جنوبی کوریا کی جانب سے جمعرات کو سامنے آنے والے اس فیصلے پر چین کی وزارت خارجہ نے فوری طورپر احتجاج کیا ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جنوبی کوریا کا ایک ساحلی محافظ ، بحیرہ احمر میں مچھلیاں پکڑنے والی ایک چینی ماہی گیر کی کشتی پر چڑھاگیا تھا۔ جنوبی کوریا کا کہناہے کہ چینی ماہی گیر غیر قانونی طورپر ان کی سمندری حدود میں مچھلیاں پکڑ رہے تھے۔
چینی ماہی گیر نے تیز دھار آلے سے حملہ کرکے جنوبی کوریا کے ایک محافظ کو ہلاک جب کہ دوسرے کو زخمی کردیا۔
گذشتہ چار سال کے دوران چین کے کسی ماہی گیر کے ہاتھوں جنوبی کوریا کے ساحلی محافظ کی ہلاکت کا دوسرا واقعہ ہے۔
اس سال جنوری میں چین اور جنوبی کوریا کے راہنماؤں نے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ملاقات کی تھی۔
چین کی وزارت خارجہ نے جنوبی کوریا پر زور دیا ہے کہ وہ جائزحقوق اور چینی ماہی گیروں کے مفادات کااحترام کرے۔