اسپین میں تفریح کے لیے گئے ہوئے دو برطانوی باشندے نمونیے کے مرض کی ایک قسم ’لیجنر‘ کے باعث ہلاک ہو گئے۔
برطانیہ میں قائم ایک سیاحتی کمپنی نے کہا ہے کہ تین دیگر شہری جوDiamante Beach ہوٹل میں ٹھہرے تھے، اسپین کے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ کمپنی نے کہا کہ پانچ دیگر برطانوی شہری جنھوں نے اسپین کے اسی ہوٹل میں قیام کیا تھا جب وہ وطن واپس آئے تو ان کا علاج کیا گیا۔
اس مرض سے متاثر ہونے والے تمام افراد کی عمریں 70 برس سے زیادہ تھیں۔
برطانوی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ وہ متاثرہ افراد اور ان کے خاندانوں کو سفارتی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
برطانیہ کے اخبار ٹیلی گراف نے ہسپانوی عہدے داروں کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ ابھی تک اس بیکٹیریا (جرثومے) کو تلاش نہیں کر سکے ہیں جو اس بیماری کے پھیلاؤ کا سبب بنا۔
حکام اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ مزید افراد اس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔