پاکستان اور سری لنکا کے درمیان شارجہ میں کھیلا جانے والا تیسرا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان نے تین میچوں کی سیریز 0-1 سے جیت لی ہے۔
اس سے قبل ابو ظہبی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا میچ بھی ڈرا ہوگیا تھا جبکہ دبئی میں ہونے والے دوسرے میچ میں پاکستان نے 9 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔
شارجہ میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں سری لنکا کی پوری ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 413 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ جس کےجواب میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 340 رنز بنائے تھے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔
میچ کی دوسری اننگز میں سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی تھی اور پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 255 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔ تاہم پاکستان کی ٹیم مقررہ وقت کے دوران 87 رنز اسکور کرسکی اور اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کے کمار سنگا کارا کو پہلی اننگز میں 144 اور دوسری اننگز میں 51 رنز کی اننگز کھیلنے پر 'مین آف دی میچ' قرار دیا گیا جبکہ وہ اور سعید اجمل 'مین آف دی سیریز' بھی قرار پائے۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے خاتمے کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز 11 نومبر کو دبئی سے ہوگا جس کے دوران دوسرا اور تیسرا ٹیسٹ 14 اور 18 نومبر کو دبئی، چوتھا ٹیسٹ 20 نومبر کو شارجہ اور پانچواں اور آخری ٹیسٹ 23 نومبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دورے کاواحد ٹی20 میچ 25 نومبر کو ابو ظہبی میں ہوگا۔واضح رہے کہ پاکستان مذکورہ سیریز کا میزبان ہے لیکن سیکیورٹی خدشات کے باعث سیریز کا انعقاد متحدہ عرب امارات میں ہورہا ہے۔