بنگلہ دیش ایشیا کپ سے آؤٹ، پاکستان کو ہانگ کانگ کا چیلنج درپیش

سری لنکا نے بنگلہ دیش کو دو وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا ہے۔

سری لنکا نے بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ سے باہر کر دیا ہے۔ ایونٹ میں جمعے کو پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان سپر فور مرحلے میں رسائی کے لیے فیصلہ کن میچ ہو گا۔

سری لنکن ٹیم ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پہنچنے والی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل افغانستان اور بھارت نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

جمعے کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان کا مقابلہ ہانگ کانگ سے ہو گا۔ دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی میچ میں مدِ مقابل ہوں گی اور یہ میچ اس لیے بھی اہم ہے کہ جیتنے والی ٹیم سپر فور مرحلے میں پہنچ جائے گی اور ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو گی۔

پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان میچ کے نتیجے کے بعد ایشیا کپ کا پہلا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔

پاکستان کے مدِ مقابل ہانگ کانگ کی ٹیم بظاہر ایک آسان حریف ہے لیکن بھارت کے خلاف زبردست کھیل پیش کر کے اس ٹیم نے خطرے کی گھنٹی ضرور بجا دی ہے۔

اگر پاکستانی ٹیم ہانگ کانگ کو ہرانے میں کامیاب رہی تو اس کا اگلا میچ ایک مرتبہ پھر دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار کو بھارت سے ہو گا۔

جارح مزاج پاکستانی بیٹر فخر زمان کہتے ہیں کہ ٹی ٹوئنٹی محدود طرز کی کرکٹ ہے جو دونوں ٹیموں کو اپنی بھرپور صلاحیت دکھانے کا موقع فراہم کرتی ہے اس لیے مقصد یہی ہو گا کہ اپنی خامیوں پر قابو پاتے ہوئے ہانگ کانگ کے خلاف میچ جیتا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ نے بھارت کے خلاف زبردست کھیل پیش کیا تھا لیکن ہم اپنے منصوبے کے تحت چلنے کی کوشش کریں گے۔

فخر زمان کے مطابق بھارت کے خلاف پہلا میچ کانٹے کا ہوا تھا جس کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے اور تمام کھلاڑی ہانگ کانگ کے خلاف میچ میں بہتر کھیل پیش کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

پاکستانی بیٹر کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کا موسم کافی گرم ہے لیکن ایونٹ میں کامیابی کے لیے کھلاڑی چارج ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کو ایونٹ کے پہلے میچ میں بھارت نے پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔