سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کانٹریکٹ میں رد و بدل کرتے ہوئے کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم اور کھلاڑیوں کے لیے انعامی رقوم کی پالیسی متعارف کرا دی ہے۔
نئی پالیسی کے تحت سینٹرل کانٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کی تعداد 32 سے گھٹا کر 24 کر دی ہے۔ البتہ نئی اسکیم کے تحت کھلاڑیوں کو یہ موقع دیا گیا ہے کہ وہ اپنی انفرادی کارکردگی یا ٹیم کی مجموعی کارکردگی کی بنیاد پر زیادہ پیسے کما سکتے ہیں۔
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ 'کرک انفو' کے مطابق کرکٹ بورڈ کی نئی پالیسی پر تاحال کسی بھی کھلاڑی نے دستخط نہیں کیے اور کئی کھلاڑی معاوضہ بڑھانے کے لیے کرکٹ بورڈ سے مذاکرات کر رہے ہیں۔
نئی پالیسی سری لنکا کے ڈائریکٹر کرکٹ ٹام موڈی اور تیکنیکی کمیٹی کے سربراہ اروندا ڈی سلوا نے مرتب کی ہے۔
ٹام موڈی کا کہنا ہے کہ "ہم نے دنیا کے مختلف کرکٹ بورڈز میں رائج طریقۂ کار کا جائزہ لیا ہے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ معاہدے میں کن باتوں کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہیں۔ لہذٰا ہم نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو ایک مؤثر، منصفانہ اور شفاف پالیسی تجویز کی ہے۔"
نئے مجوزہ کانٹریکٹس کے تحت سینئر کھلاڑی اینجلو میتھیوز کو 80 ہزار ڈالرز کے کانٹریکٹ کی پیش کش کی گئی ہے جو اُن کی سالانہ بنیادی تنخواہ سے 50 ہزار ڈالرز کم ہیں۔
اسی طرح ٹیسٹ کپتان دمتھ کرونارتنے کو 70 ہزار ڈالرز کے کانٹریکٹ کی آفر کی گئی ہے جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 30 ہزار ڈالرز کم ہیں۔
البتہ نئی پالیسی کے تحت دنیا کی صفِ اول کی ٹیسٹ ٹیموں کے خلاف میچز اور سیریز جیتنے پر انعامی رقوم کا اعلان کیا گیا ہے۔
دنیا کی نمبر ون ٹیسٹ ٹیم کے خلاف سیریز جیتنے پر ایک لاکھ 50 ہزار ڈالرز، ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود ٹیم کے خلاف سیریز جیتنے پر ایک لاکھ 25 ہزار، رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود ٹیم کو سیریز ہرانے پر ایک لاکھ ڈالر اور اسی طرح رینکنگ میں چوتھے نمبر پر موجود ٹیم کو ہرانے پر 80 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کی ٹیسٹ میچ فیس سات ہزار ڈالرز سے بڑھا کر 7500 ڈالرز کر دی ہے جب کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کی فیس بالترتیب پانچ ہزار اور چار ہزار ڈالرز رکھی گئی ہے۔