سری لنکا نے جمعرات کو ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ 2011ء کے گروپ میچ میں زمبابوے کو 139 رنز سے شکست دے کر گروپ "اے" سے کوارٹر فائنلز کیلیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
سری لنکا کے شہر پالی کیلے میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز بنائے۔جواباً زمبابوے کی پوری ٹیم 39 اوورز میں 188 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔
سری لنکن اوپنرز تلکا رتنے دلشان اور اپل تھرنگا نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 282 رنز بنا کر عالمی کپ کانیا ریکارڈ قائم کیا۔
اس سے قبل عالمی کپ کے میچز میں پہلی وکٹ کی شراکت میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ پاکستان کے سعید انور اور وجاہت اللہ واسطی کا تھا جنہوں نے 1999ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچ میں پہلی وکٹ کی شراکت میں 194 رنز بنائے تھے۔ تاہم اب یہ اعزاز سری لنکا کو حاصل ہوگیا ہے جو دسویں عالمی کپ کی بھارت اوربنگلہ دیش کے ساتھ مشترکہ میزبانی بھی کررہا ہے۔
تھرنگا 45 ویں اوور میں 133 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جن کے ایک ہی اوور بعد ان کے پارٹنر دلشان بھی 144 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
تاہم بعد میں آنے والے بیٹس مین اس شاندار آغاز سے کوئی فائدہ نہ اٹھا سکے اور سری لنکا کو آخری چار اوورز میں چار وکٹوں سے محروم ہونا پڑا۔ آئوٹ ہونے والے دیگر بیٹس مین تھیسارا پریرا، مہیلا جیا وردھنے، اینجلو میتھیوز اورچمارا سلوا رہے جو بالترتیب صرف3، 9، 0 اور 4 رنز بناسکے۔ کپتان سنگاکارا 11 اور سماراویرا 8 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔
زمبابوے کی طرف سے مپوفو نے ایک ہی اوور میں تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا اور کل چار وکٹیں حاصل کیں۔
جواباً زمبابوے نے 328 رنز کے مشکل ہدف کا تعاقب شروع کیا تو زمبابوین اوپنرز نے ابتدائی 20 اوورز تک سری لنکن بالرز کو خاصا ٹف ٹائم دیا۔ زمبابوے کی پہلی وکٹ 20 ویں اوور میں 116 کے مجموعی اسکور پر گری جب ریجس چکبوا 35 رنز بنا کر مرلی دھرن کا نشانہ بنے۔
چکبوا کی جگہ لینے والے ٹاٹینڈا ٹائی بو صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم اوپنر رینڈن ٹیلر نے وکٹ کا ایک اینڈ 25ویں اوور تک سنبھالے رکھا اور 72 گیندوں پر 80 رنز بنائے۔ انہیں میتھیوز کی گیند پر جیا وردھنے نے 132 کے مجموعی اسکور پر کیچ آئوٹ کیا۔
زمبابوے کے مڈل آرڈر بیٹس مین اوپنرز کی جانب سے فراہم کردہ اچھے آغاز کو برقرار نہ رکھ سکے اور 28 ویں اوور میں پروسپر اٹسیا (4)، 30 ویں اوور کی تیسری اور چوتھی بال پر کریگ ارون (17) اور گریگوری لیمب (0)جبکہ 32 ویں اوور میں کپتان ایلٹن چگم بورا (6) بھی پویلین لوٹ گئے۔
37 ویں اوور میں رے پرائس 11 اور 38 ویں اوور میں پنیان گارا بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے تو زمبابے کا اسکور 9 وکٹوں کے نقصان ۱85 رنز تھا۔
زمبابوے کی آخری گرنے والی وکٹ مپوفو کی تھی جو صرف ایک رن بنا سکےجبکہ کریمر نے 14 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔ یوں پوری زمبابوین ٹیم 39 اوورز میں 188 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
سری لنکا کی جانب سے 144 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے تلکا رتنے دلشان نے 3 اوورز میں 4 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا اور 'مین آف دی میچ' قرار پائے۔ مرلی دھرن نے 3 اور اینجلو میتھیوز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس میچ کو جیت کر دسویں عالمی کرکٹ کپ کے شریک میزبان ملک سری لنکا نے کوارٹر فائنل کے ناک آؤٹ مرحلے میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔
پاکستان سے میچ ہارنے اور آسٹریلیا کے خلاف میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد ٹورنامنٹ میں سری لنکا ایک مشکل صورت حال سے دوچار تھا تاہم آج کی فتح کے بعد سری لنکن ٹیم کی پوزیشن بہتر ہوگئی ہے اور وہ 7 پوائنٹس کے ساتھ گروپ "اے" میں پہلے نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ اور پاکستان 6، 6 پوائنٹس کےساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
سری لنکا اپنا اگلامیچ 18 مارچ کو ممبئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا جس کے حوصلے پاکستان کو 110 رنز سے شکست دینے کے بعد بلند ہیں۔