امریکی ٹی وی کی سائنس فکشن ٹی وی سیریز سٹار ٹریک میں کیپٹن کرک کے نام سے مشہور اداکار ولیم شاٹنر 90 برس کی عمر میں دنیا کے ریئس ترین شخص جیف بیزوز کی خلابازی کی کمپنی بلیو اوریجن کی مدد سے خلا کا سفر کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
ولیم شاٹنر اور ان کے مزید تین ساتھی مسافر بلیو اوریجن کے خلائی جہاز میں زمین سے 107 کلومیٹر کی بلندی پر، خلا میں داخل ہوئے اور امریکی ریاست ٹیکساس کے مغربی صحرا میں پیراشوٹ کی مدد سے ان کا جہاز واپس اتر آیا۔ ان کی اس فلائٹ نے مکمل ہونے کے لیے محض دس منٹ کا وقت لیا۔
شاٹنر نے جیف بیزوز کو بتایا کہ ’’آپ نے مجھے ایک بہترین تجربہ حاصل کرنے کا موقع دیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ اس تجربے کو کبھی بھول نہیں پائیں گے۔
SEE ALSO: خلا کی سیر پر لے جانے والی دس ہالی وڈ فلمیںانہوں نے کہا کہ نیلے آسان کی جانب جاتے ہوئے جب ایک دم سیاہ رنگ کے خلا میں انسان داخل ہوتا ہے تو اسے محسوس ہوتا ہے کہ ’’واہ، یہی موت ہے، یہی ہے جس کا میں نے مشاہدہ کیا۔‘‘
اس خلائی دورے کے بعد ولیم شاٹنر خلا میں جانے والے سب سے عمر رسیدہ فرد بن گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سائنس فکشن کے مداح ولیم شاٹنر کے خلا میں جانے پر بہت پرجوش تھے۔ سٹار ٹریک میں اپنے کردار میں وہ ایک خلائی جہاز کے مدبر کمانڈر کے طور پر نظر آتے تھے۔ وہ امریکی ٹیلی وژن سے منسلک پہلے ستارے ہیں جو خلا میں جگمگائے۔ انٹرنیٹ پر مداح کیپٹن کرک کردار کا مشہور قول ’خطرہ مول لینا ہی ہمارا کاروبار ہے، اس سٹار شپ کا یہی مقصد ہے۔‘‘ شئیر کرتے رہے۔
Your browser doesn’t support HTML5
یاد رہے کہ ولیم شاٹنر نے امریکی ٹی وی پر 1966 سے 1969 تک نشر ہونے والی ٹی وی سیریز سٹار ٹریک میں ایک سٹار شپ یا خلائی جہاز کے کمانڈر کا کردار ادا کیا تھا۔
ایمازون کے بانی جیف بیزوز سٹار ٹریک کے پرستار ہیں اور انہوں نے اس سیریز پر بعد میں بننے والی فلموں میں سے ایک میں ایک مختصر کردار بھی ادا کیا تھا۔ وہ اس فلم میں خلائی مخلوق کے کردار میں نظر آئے تھے۔