وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی حکومت میں دوسری بڑی اتحادی جماعت متحدہ متحدہ قومی مومنٹ کے حکمران اتحاد سے دستبردار ہونے اور اپوزیشن میں بیٹھنے کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والے بحران پر امریکی محکمہ خارجہ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بحران پاکستان کا قطعاً داخلی معاملہ ہے۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان پی جے راؤلی نے پیر کو واشنگٹن میں بریفینگ کے دوران کہا کہ امریکہ اس معاملے کو پاکستان کا اندرونی سیاسی مسئلہ سمجھتا ہے۔ اور اس پر امریکہ کا تبصرہ نامناسب ہوگا۔
مبصرین کے مطابق موجودہ حکومت کے اس نازک ترین بحران سے امریکہ کی افغانستان سے پروگرام کے مطابق واپسی پر برا اثر پڑ سکتا ہے۔ اسکے علاوہ پاکستان میں جاری دہشت گردی کے خلاف کوششیں بھی اس بحران سے متاثر ہوسکتی ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کے پاکستان کی موجودہ صورتحال سے امریکہ کے براہ راست مفادات وابسطہ ہیں۔ خصوصا ایسے وقت میں جبکہ اوباما انتظامیہ پاکستان پر شمالی وزیرستان میں طالبان کے خلاف کاروئی کے لیے دباؤ بڑھا رہی ہے۔