امریکہ میں ایک ہفتے کے دوران آنے والے دوسرے سرمائی طوفان کے باعث شمال مشرقی ریاستیں شدید سردی اور برف باری کی لپیٹ میں ہیں جہاں لاکھوں صارفین کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
پینسلوینیا سے مین تک نو شمالی مشرقی ریاستیں بدھ کو آنے والے طوفان کا نشانہ بنی ہیں جس کے باعث بعض مقامات پر دو فٹ سے زائد تک برف پڑ چکی ہے۔
طوفان کے باعث اب تک ہزاروں پروازیں منسوخ کی جاچکی ہیں جب کہ حکام نے لوگوں سے بلاضرورت سفر اور گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔
شدید برف باری کے باعث ریل کمپنی 'ایم ٹریک' نے نیویارک اور بوسٹن کے درمیان اپنی ٹرین سروس جمعرات کی صبح 10 بجے تک روک دی ہے۔
نیویارک سے شہر کے نواحی علاقوں اور کنیٹی کٹ تک جانے والی ریل سروس بھی تیز ہواؤں کے باعث پٹریوں پر کئی مقامات پر درخت گرنے کے سبب معطل ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ طوفان گزشتہ ہفتے آنے والے طوفان سے شدت میں کم ہے جس کے باعث چلنے والی ریکارڈ تیز ہواؤں کے سبب ورجینیا سے مین تک ہزاروں درخت گرنے سے سڑکوں اور املاک کو نقصان پہنچا تھا جب کہ ساحلی آبادیاں زیرِ آب آگئی تھیں۔
طوفان کے باعث مختلف حادثات میں 10 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ 20 لاکھ صارفین کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے طوفان سے متاثر ہونے والے بعض مقامات پر تاحال بجلی کی ترسیل بحال نہیں ہوسکی ہے اور نئے طوفان کے باعث بجلی سے محروم گھروں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
صرف ریاست نیو جرسی میں بدھ کی شب تین لاکھ صارفین بجلی سے محروم تھے جنہیں فراہمی بحال کرنے کے لیے کام جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ طوفان سے متاثرہ مزید کئی ریاستوں میں بھی لاکھوں صارفین کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
امریکہ کی 'نیشنل ویدر سروس' نے کہا ہے کہ 'نیو انگلینڈ' کے نام سے جانی جانے والی امریکہ کی شمال مشرقی ریاستوں میں طوفان کی شدت جمعرات کو بھی برقرار رہے گی۔